ممبئی:ممبئی میں لوکل ٹرینوں کی تینوں لائنوں پر پٹری پار کرنے یا ٹرینوں سے گرنے کے واقعات عام ہیں ،لیکن گزشتہ روز پٹریاں پار کرنے کے دوران 12 افرادکی موت واقع ہوگئی جبکہ 13دیگر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کیا گیا ہے ۔ایک دن میں ایک ساتھ ریل حادثے میں اتنی موتیں امسال میں پہلی بار ہوئی ہیں۔
ریلوے ذرائع کے مطابق ممبئی میں ویسٹرن ،سینٹرل اور ہاربر لائنوں پر صبح 4بجے سے لوکل ٹرینوں کی شروعات ہوجاتی ہے اور رات دیر گئے ڈیڑھ بجے تک اس کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور حال میں ریلوے پٹری پارکرنے اور مصروف اوقات میں بھیڑبھاڑکے دوران حادثات میں اضافہ ہوا ہے ،حالانکہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں میں بیداری مہم چلائی جاتی ہے مگر چند روزبعد پھر وہی حالات پیدا ہوجاتے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ کرلا،گھاٹ کوپر ،کاندیولی ،گورے گاؤں ،دادر ،وڈالا اور ماہم اور کنگ سرکل کے درمیان اسٹیشنوں اور آس پاس پٹریاں پارکرنے کے دوران سب سے زیادہ موت واقع ہوتی ہیں۔ان ریلوے لائنوں کے دونوں طرف پٹریوں کے کچھ فاصلے پر جھوپڑے بھی بنالیے گئے ہیں اور یہی سبب ہے کہ کنگ سرکل اور ماہم کے درمیان موٹرمین کو انتہائی دھیمی رفتار سے ٹرین چلانی پڑتی ہے ۔