دنیا میں عجیب و غریب چیزوں کی کمی نہیں۔ جیسے سورج کا طلوع ہونا، میمنے پیدا ہونا اور ایک انڈا جسے انسٹاگرام پر 3.1 کروڑ لوگوں نے پسند کیا۔
یہ کیسے ہوا؟ کب ہوا؟ اس انڈے میں کیا خاص بات تھی؟ لوگوں نے اسے کیوں اتنی بڑی تعداد میں لائیک کیا؟
یہ سوال ہمارے ذہن میں بھی تھے، لیکن سوال پوچھنے کے لیے نہیں، بلکہ آپ کے سوالوں کے جواب دینے کے لیے حاضر ہیں۔
تو یہ ہے دنیا کے پسندیدہ ترین انڈے کے متعلق وہ سب کچھ جو آپ جاننا چاہتے ہیں۔
کہانی کچھ یوں ہے کہ چار جنوری کو world_record_egg@ نامی انسٹاگرام کے صارف نے ایک انڈے کی تصویر لگائی۔
اس تصویر کے نیچے لکھا تھا: ’چلیں مل کر انسٹا گرام پر سب سے زیادہ پوسٹ پر لائیک حاصل کر کے عالمی ریکارڈ بناتے ہیں اس وقت یہ اعزاز کائیلی جینر (جن کی پوسٹ کو 1.8 کروڑ لائیکس ملے تھے) کے پاس ہے! ہم یہ کر سکتے ہیں۔‘
اس وقت سے اب تک انڈے کی اس تصویر نے تین کروڑ لائیکس حاصل کر کے واقعی کائیلی جینر کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
انڈے نے انسٹاگرام پر یہ ریکارڈ کب توڑا؟
پوسٹ ہونے کے ایک ہفتے کے بعد 13 جنوری کو انڈے کی اس تصویر نے 1.8 کروڑ سے زیادہ لائیکس حاصل کر کے اپنے مقصد میں کامیابی حاصل کر لی۔
اس سے پہلے سب سے زیادہ پسند کی جانے والی تصویر کائیلی جینر کی تھی جس میں انھوں نے اپنے بچے کی پیدائش کی خبر نشر کی تھی۔
فروری 2018 سے اس تصویر کو 1.8 کروڑ سے زیادہ لائیکس مل چکے ہیں لیکن اب اس تصویر کے نیچے تازہ ترین تبصروں میں سب انڈے کا حوالہ دے رہے ہیں۔
کائیلی نے انڈے کا رد عمل کچھ یوں دیا کہ ان کے اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ ہوئی جس میں وہ ایک انڈا گرم فٹ پاتھ پر توڑتے ہوئے نظر آتی ہیں۔ انڈا فرائی تو نہیں ہوا لیکن لوگ ان کا پیغام سمجھ گئے۔
کیا یہ اصل میں صرف ایک انڈا ہے؟
جی ہاں۔
انھوں نے ایسا کیوں کیا؟
فی الحال یہ کہنا مشکل ہے، اس اکاؤنٹ کے مالک نامعلوم ہیں اور اس اکاؤنٹ کا ریکارڈ توڑنے کے علاوہ کوئی مقصد نظر نہیں آتا۔
اب یہ مقصد حاصل ہو چکا ہے تو انڈے کا کیا مقصد رہ گیا ہے؟ اس کا کیا مستقبل ہے؟
ان سوالات کے جواب ہمارے پاس نہیں،انڈا گینگ کا مستقبل کیا ہو گا ہم صرف انتظار ہی کر سکتے ہیں۔