رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ڈاکٹر علی لاریجانی، ان کے فرزند اور چند ساتھیوں کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں کو اس جرم کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری اور رہبر کے نمائندے ڈاکٹر علی لاریجانی، ان کے فرزند اور چند ساتھیوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں رہبر معظم نے قرآن کریم کی آیت ولا تحسبن الذین قتلوا فی سبیل اللہ امواتا بل احیاء عند ربهم یرزقون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر علی لاریجانی ایک دانشور، دوراندیش، ہوشیار اور ذمہ دار شخصیت تھے جن کے پاس سیاسی، عسکری، سکیورٹی، ثقافتی اور انتظامی میدانوں میں وسیع تجربہ تھا۔ انہوں نے تقریباً پانچ دہائیوں تک اسلامی نظام کے مختلف شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا جس سے وہ ایک ممتاز شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے تھے۔
رہبر انقلاب نے کہا کہ ایسی اہم شخصیت کا دہشت گردی کے ذریعے قتل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ دشمنان اسلام ان سے کس قدر بغض رکھتے تھے۔ اسلام دشمن یہ جان لیں کہ اس طرح کے خون اسلامی نظام کے تناور درخت کو مزید مضبوط بناتے ہیں اور ہر خون کی ایک قیمت ہوتی ہے جسے ان شہداء کے مجرم قاتلوں کو جلد ادا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے شہید کی اہلیہ، دیگر اہل خانہ اور وابستگان بالخصوص آیت اللہ آملی لاریجانی سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات کی دعا کی۔