حال ہی میں ایک بلوچی فلم زراب کی سکریننگ بلوچستان کے شہر پسنی میں کی گئی۔ یہ بلوچی زبان میں بنی ہوئی پہلی فلم ہے جو پردے تک پہنچی ہے۔
پسنی کے سوشل ویلفئیر کلب میں شام پانچ بجتے ہی گہما گہمی شروع ہوگئی جب ایک ایک کر کے کئی لوگ فلم دیکھنے کے لیے اکٹھے ہوگئے۔ اس فلم کی رونمائی کے ساتھ ساتھ سوشل ویلفئیر ہال کو بھی کئی برسوں بعد لوگوں کے لیے کھولا گیا ہے۔
فلم کے ہدایت کار اور پروڈیوسر جان البلوشی، بحرین میں مقیم پاکستانی ہیں اور اب تک فلم کی رونمائی بحرین کے کئی مالز اور کلبوں میں کروا چکے ہیں۔
پسنی سے پہلے اس فلم کی سکریننگ گوادر میں کی گئی جس کے بعد یہ فلم تُربت اور پھر کراچی میں دکھائی جائے گی۔
ایک گھنٹے پر مشتمل اس فلم میں چار اہم کردار ہیں جن کے گرد یہ کہانی گھومتی ہے۔
ایک طرف ہیں ماما صوبان (انور صاحب خان) جو اپنے ایک بیٹے (شاہ نواز) کی کاہلی اور دوسرے (احسان دانش) کی معذوری کی وجہ سے مزدوری کرنے پر مجبور ہیں۔ ایک کم عمر بچے (عاقب آصف) کے ساتھ فلم کے کردار پورے ہوجاتے ہیں جس میں ایک بھی عورت کا کردار نہیں ہے۔