اوٹاوا، 11 دسمبر (یو این آئی) فائزر اور بایوٹیک کی کورونا ویکسین کی 30000 خوراکیں چند روز میں کناڈا پہنچ جائے گی۔ یہ اطلاع وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نےدی ہے۔
مسٹر ٹروڈو نے کہا ’’کورونا ویکسین کی 30،000 خوراکوں کی پہلی ترسیل کچھ ہی دن میں کناڈا پہنچنے کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ صحت نے فائزر اور بائیوٹیک کو کووڈ ویکسین کے ہنگامی استعمال کی منظوری دی تھی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کورونا ویکسین کے اخراجات پر غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت کووڈ ویکسین سمیت ٹیکوں کے غیر منفی اثرات کو دور کرنے کے لئے ایک وفاقی ویکسین امدادی پروگرام تشکیل دے گی۔
مسٹر ٹروڈو نے پیر کو بتایا کہ کناڈا کو دسمبر کے اواخر تک فائزر کی کورونا ویکسین کی 249،000 خوراکیں ملنے کی امید ہے جس سے سال کے اختتام تک 124500 کناڈیائی شہریوں کو ویکسین مل جائے گی۔
خیال رہے کہ کناڈا میں منگل کے روز تک کورونا کے 440000 کیسز سامنے آئے ہیں اور 13000 سے زائد مریض لقمہ اجل بن چکے ہیں۔