اسمارٹ فونز کی تصاویر لیک کرنے کے حوالے سے مشہور آن لیکس اور 91 موبائلز نے پکسل 4 اے کے رینڈرز پوسٹ کیے ہیں۔یہ گوگل کا پہلا فون ہوگا جس میں ہول پنج سیلفی کیمرا دیا جائے گا اور بیزل نہ ہونے کے برابر ہوں گے۔5.7 یا 5.8 انچ ڈسپلے والے اس فون میں حیران کن طور پر پکسل 4 کے مقابلے میں بیزل کم کیے جارہے ہیں اور اس کے نتیجے میں ممکنہ طور پر چہرے سے فون کو ان لاک کرنے کا آپشن اور ہینڈ فری راڈار جیسپر ختم کیے جانے کا امکان ہے۔
اس نئے فون کے بیک پر بھی پکسل 4 جیسا چوکور کیمرا سیٹ اپ نظر آرہا ہے مگر صرف ایک کیمرا دیا جائے گا اور ٹیلی فوٹو لینس نہیں ہوگا۔
اس کے بارے میں فی الحال یہ معلوم نہیں کہ اس میں پراسیسر کونسا ہوگا، اسٹوریج اور ریم کتنی دی جائے گی مگر ممکنہ طور پر پکسل 4 کے مقابلے میں یہ زیاہد طاقتور نہیں ہوگا تاکہ اس کی قیمت کم رکھی جاسکے۔یہ فون ممکنہ طور پر اگلے سال کی پہلی ششماہی کے دوران کسی وقت متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ گوگل نے پکسل تھری سیریز کے فونز کے سستے ورژن پکسل 3 اے اور پکسل 3 اے ایکس ایل کو مئی 2019 میں متعارف کرایا تھا جن میں کیمرا سسٹم سمیت بیشتر فیچر پکسل 3 جیسے ہی تھے مگر قیمت کے لحاظ سے یہ سستے تھے۔
پکسل تھری اے کی قیمت 399 ڈالرز جبکہ پکسل تھری اے ایکس ایل کی قیمت 479 ڈالرز رکھی گئی تھی۔