دنیا کی سب سے کم عمر نوبیل امن انعام یافتہ اور لڑکیوں کی تعلیم کے لیے سرگرم ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بننے والی بالی ووڈ فلم ’گل مکئی‘ میں بھارتی ٹیلی ویژن کی نوعمر اداکارہ ریم شیخ ملالہ کا کردار ادا کریںچائلڈ اسٹار ریم شیخ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بائیو پِک کا پوسٹر شیئر کیا۔
ریم شیخ بھارتی ٹی وی سیرئیلز ’نہ بولے تم نہ میں نے کچھ کہا‘ اور ’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ سمیت امیتابھ بچن اور فرحان اختر کے ساتھ فلم ’وزیر‘ میں بھی اپنی اداکاری سے سب کو متاثر کر چکی ہیں۔بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق فلم ’گل مکئی‘ میں وادی سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ کے نوبیل امن انعام حاصل کرنے تک کے سفر کو فلم بینوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ فلم کی ہدایت کاری امجد خان کریں گے جو کافی عرصے سے ملالہ کے کردار کے لیے اچھی اداکارہ کی تلاش میں تھے، اور ریم شیخ کے معصومانہ چہرے اور جاندار اداکاری نے ان کی توجہ حاصل کرلی۔ رپورٹ کے مطابق کردار کے رنگ میں ڈھالنے کے لیے ریم شیخ کو ملالہ جیسا لب و لہجہ، انداز اور باڈی لینگوئج اختیار کرنے کی خصوصی تربیت بھی دی گئی ہے۔فلم میں ملالہ کی ماں کا کردار دیویا دتہ نبھائیں گی۔یاد رہے کہ ملالہ یوسف زئی کو 2012 میں سوات میں اسکول سے واپسی پر حملہ کرکے زخمی کردیا گیا تھا، اُس وقت ان کی عمر صرف 15 برس تھی، انھیں خواتین کو تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا گیا تھا۔ملالہ یوسف زئی کو ابتدائی طور پر پاکستان میں ہی طبی امداد دی گئی تھی تاہم بعد میں انھیں برطانیہ کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا تھا۔ انہیں 2014 میں بچوں کی تعلیم کے لیے مہم چلانے پر ہندوستان کے کیلاش ستھیارتھی کے ساتھ مشترکہ طور پر نوبیل امن انعام سے نوازا گیا تھا۔
ملالہ یوسف زئی اعزازی طور پر کینیڈا کی شہریت حاصل کرنے والی چھٹی شخصیت ہیں جنہیں نوبیل پرائز کے علاوہ ورلڈ چلڈرن پرائز جیسے ایوارڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔گذشتہ ماہ (17 اگست) ملالہ یوسف زئی برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لینے میں کامیاب ہوئی ہیں جہاں وہ سیاست، فلسفہ اور معاشیات کے مضامین پڑھیں گی۔