کانپور: ضلع کے بجریا تھانہ حلقہ کے تحت بیکن گنج صرافہ مارکیٹ سے صرافہ کاریگر سمپت راؤ لویٹے ۱۵ سے ۲۰کلو سونا اور ڈیڑھ کروڑ نقدی لے کر فرار ہوگیا۔ اس کے گھر اور دکان پر تالا بند ہے۔
بیکن گنج صرافہ ایسوسی ایشن کے عہدیدار اور کاروباریوںنے جوائنٹ پولیس کمشنر نیلابجا چودھری سے مل کرمعاملہ کی شکایت کی۔
اس معاملہ کی جانچ کیلئے انہوںنےڈی سی پی سینٹرل کی سرکردگی میں ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔صرافہ کاروباری محمد ایوب نے تین لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
مہانگر صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر پنکج اروڑانے جے سی پی کو بتایاکہ میل والی گلی برہاناروڈ میں رہنے والے سمپت راؤ لویٹے کا گولڈ ٹیسٹنگ اور سوناگلانے کاکارخانہ ہے اس میں اس کا برادرنسبتی مہیش مسکے اور اس کی بیوی سندھیا لویٹے بھی کام کرتی تھی۔
سمپت راؤ لویٹے حقیقی طور پر ناسک کا رہنے والا ہے وہ صرافہ کاروباریوںسے سونا لے جاکر گلاتا تھا اور اس کے زیورات تیار کرتا تھا۔ اس نے گزشتہ ۱۵دنوں میں صرافہ بازار سے زیادہ سے زیادہ کاروباریوںکا ۱۵سے ۲۰کلو سونا اور تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپئے نقد حاصل کیااور یہاں سے اپنی دکان بند کرکے فرا رہوگیا۔
کئی دنوں سے دکان بند ہونے پر تاجروںکو شبہ ہواتوسمپت راؤلویٹے ، سورج ، مہیش مسکے اور اس کی بیوی سندھیا کو کال کی تو فون بھی بند ملا۔ اس کے بعد گھر جاکر دیکھا تو وہاں بھی تالا لگاہواتھا۔ تاجروںنے بتایاکہ سمپت راؤ نے اس پوری واردات کا منصوبہ کچھ روز پہلے ہی بنالیاتھا،کسی کاروباری سے اس نے کسٹمر کو دکھانے کیلئے چوڑیاں لیں توکسی سے جھمکے اور چین وغیرہ۔
تقریباًایک ماہ قبل سے اس نے بازار میں کہہ رکھاتھاکہ اس کے کنبہ میں شادی ہے لہٰذا وہ دسمبر کے پہلے ہفتہ میں کنبہ کے ساتھ گھر جائے گا، شادی نمٹانے کے بعد ۱۴؍دسمبر کو واپس آنے کی بات بھی کہی تھی۔
کاروباریوںکا کہناہے کہ اس نے جانے سے پہلے تمام حساب کتاب ختم کرنے کوکہاتھااس کے بعد گزشتہ جمعہ کے روز وہ فرار ہوگیا۔اس درمیان اس نے کاروباریوںسے کچھ رقم ادھار بھی لی تھی،فرار ہونے سے پہلے اس نے بڑا چوراہا واقع زیڈ اسکوائر سے شاپنگ بھی کی۔
اس سلسلہ میں بتایاجارہاہے کہ ایک ویڈیو بھی سامنے آیاہے ،جس میں صاف دیکھاجاسکتاہے کہ اسکوٹی پر۲۰کلو سے زیادہ سونا اور ڈیڑھ کروڑ نقدی لے کروہ کاریگر نظر آرہاہے۔ویڈیو میں نظر آرہاہے کہ کاریگر اسکوٹی کے پاس آیا وہ موبائل سے بات کررہاہے ،کاریگر کا برادرنسبتی اور ایک ساتھی گتے اور تھیلے میں مال لے کر اسکوٹی پر رکھ رہے ہیں اس کے بعد وہ فرار ہوگیا۔ پولیس کی ٹیمیں دہلی ،ممبئی سے لے کر کئی ریاستوںمیں چھاپہ ماری کیلئے روانہ ہوگئی ہیں۔
صرافہ کاروباریوںنے پولیس پرالزام لگاتے ہوئے بازار میں ہنگامہ شروع کردیا اور بجریاتھانہ میں تحریر دی۔ کوئی کارروائی نہ ہونے پر تاجرجے سی پی نیلابجا چودھری سے ملے اور اپنی شکایت درج کرائی۔جے سی پی نیلابجا چودھری نے بتایاکہ شاطر ٹھگ کو گرفت میں لینے کیلئے فوری اثر سے ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے،اس کے ساتھ ہی ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔