نئی دہلی، 20فروری (یو این آئی) حکومت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر مکمل پابند ی عائد کرنے کے اشارے دیئے ہیں۔
قانو ن اور انصاف کے وزیر روی شنکرپرساد نے بدھ کو ایک نجی ٹیلی ویزن چینل سے کہاکہ دہشت گردی اور کرکٹ ساتھ ساتھ نہیں چل سکتا۔
مسٹر پرساد نے کہاکہ غور توکرنا پڑے گا۔ یہ پپیاں ، جھپیاں اور کرکٹ کے چھکے کے ساتھ دہشت گردی کے واقعات میں شہدا کی لاشیں آنا کتنے دن چلے گا۔
وہ پڑوسی ملک پاکستان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی مانگ سے متعلق ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔
وزیر قانون نے کہا کہ حالانکہ اس بارے میں کرکٹ انتظامیہ کو آخری فیصلہ کرنا ہے اور اسکے لئے بین الاقوامی عمل موجود ہے۔
کرکٹ کے شعبہ میں بھی پاکستان کے بائیکاٹ کی مانگ اس معنی میں کافی اہم ہے کیونکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی طرف سے عالمی کپ ٹورنامنٹ اگلے کچھ مہینوں میں منعقد ہونا ہے۔
جموں وکشمیر کے پلوامہ میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) پر خودکش حملے کے واقعہ کے بعد ہندستان نے گزشتہ 15فروری کو پاکستان سے انتہائی ترجیحی ملک (ایم ایف این) کا درجہ واپس لے لیا تھا ساتھ ہی پاکستان سے ہندستان بھیجے جانے والے سامان پر 200فیصد سے امپورٹ ڈیوٹی بھی لگا دی تھی۔