چنڈی گڑھ: خالصتان حامی اور ‘وارث پنجاب دے’ تنظیم کے سربراہ امرت پال کے پنجاب کے ہوشیا پور میں چھپے ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق امرت پال ہوشیار پور میں ہے اور پولیس کو چکمہ دے کر دوبارہ فرار ہو گیا ہے۔ پنجاب پولیس نے اسے پکڑنے کے لیے منگل کی رات دیر گئے پھگواڑہ-ہوشیار پور روڈ پر محاصرہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے لدھیانہ نمبر پلیٹ والی سفید رنگ کی انووا گاڑی کو روکنے کی کوشش کی لیکن ڈرائیور نے گاڑی کی رفتار تیز کر دی۔
گاڑی پر چار نوجوان سوار تھے۔ چنانچہ پولیس نے کار کا تعاقب کیا تو وہ نوجوان کار کو لے کر مانیا گاؤں میں داخل ہو گئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ امرت پال اور اس کے ساتھی اسی کار سے سفر کر رہے تھے۔
اطلاعات کے مطابق، مذکورہ نوجوانوں نے گاؤں کے گرودوارہ میں اپنی کار کھڑی کی اور پیدل فرار ہو گئے۔ لہذا پولیس نے پورے گاؤں کو سیل کر دیا گیا ہے اور سرچ آپریشن چلایا جا رہا ہے۔ تاہم پولیس کو ابھی تک ان کے بارے میں کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔
خیال رہے کہ منگل کے روز امرت پال سنگھ کی ایک نئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں وہ اپنے اہم ساتھی پاپل پریت سنگھ کے ساتھ نظر آ رہا تھا۔
ویڈیو میں امرت پال سنگھ کو بغیر پگڑی کے اور ماسک پہنے دیکھا گیا۔ اس سی سی ٹی وی فوٹیج پر کوئی تاریخ نہیں ہے اور کہا جا رہا ہے کہ یہ دہلی کے کسی بازار کی ہے۔