غزہ پٹی اور رفح شہر پر صیہونی حکومت کے بھرپور اور شدید حملوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
فلسطینی شہاب نیوز ایجنسی کے مطابق غزہ پٹی میں جنگ کے دوسو سترہویں روز غزہ شہر کے جنوب مغرب میں الزیتون کے علاقے میں مزاحمتی جنگجوؤں اور قدس کی قابض فوج کے درمیان شدید جھڑپیں جاری رہیں۔
صیہونی حکومت کے ٹینکوں اور جنگی طیاروں نے الزیتون محلے کے مختلف علاقوں اور اس محلے کی مسجد “علی” کو نشانہ بنایا۔ اس رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے توپ خانے اور کشتیوں نے غزہ پٹی کے مرکز میں واقع میونسپل عمارت، مکانات، المغراقہ محلے اور النصیرات کیمپ پر گولہ باری کی۔ رفح شہر کے مغرب میں ایک رہائشی مکان پر بمباری کی گئی جس کے باعث چار افراد شہید اور کم از کم سولہ زخمی ہو گئے۔ اس مکان میں شمالی غزہ کے پناہ گزیں پناہ لئے ہوئے تھے۔
غزہ پٹی کے مختلف علاقے بالخصوص رفح شہر کے مشرق میں تین روز سے صیہونی حکومت کے فضائی، زمینی اور سمندری حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران اب تک درجنوں افراد شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔ پیر 6 مئی کو صیہونی حکومت کی جنگی کابینہ نے بین الاقوامی مخالفت کے باوجود غزہ کے جنوب میں واقع شہر رفح پر زمینی حملے کی منظوری دی جس کے بعد صیہونیوں نے رفح کراسنگ کے فلسطینی حصے پر اپنا ناجائز قبضہ جما لیا ہے۔ خیال رہے کہ سات اکتوبر کے بعد سے اب تک غزہ میں صیہونی دہشتگردی کے باعث شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تقریبا پینتیس ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ اٹھتر ہزار پانچ سو سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔