دھنباد : کل رات ضلع کے نرسا تھانہ علاقے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے سات باراتیوں کو کچل ڈالا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ مگما میں قومی شاہراہ نمبر دو پر کل کنچن ڈیہہ میں ہوئے اس حادثے میں پانچ افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دو نے پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال لے جائے جانے کے بعد دم توڑ دیا۔پولیس نے بتایا ہے کہ مرنے والوں میں دولہا کے چچا راگھو سنگھ، چچازاد بھائی اور بہنوئی جے پرکاش سنگھ کے علاوہ بینڈ بجانے والے دو ممبران اور ایک فوٹوگرافر شامل ہیں۔مرنے والے ایک باراتی کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔تین افراد کا اب بھی اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ ان میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔یہ بارات باری ڈیہہ (جمشید پور) سے آرہی تھی۔شادی کی تقریب نرسا کے مڈوان میں ہونی تھی۔پولیس نے بتایا ہے کہ مغربی بنگال جارہے ٹرک نے ان لوگوں کو کچل ڈالا جو اپنے ہوٹل سے دلہن کے مکان کی طرف بڑھ رہے تھے۔اس واقعہ میں کئی لاشیں بری طرح مسخ ہوگئی ہیں۔اس حادثے سے مشتعل مقامی لوگوں نے قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی ہے۔