نئی دہلی،31 مئی؛ملک میں کورونا وائرس (كووڈ 19) کی وبا نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ تباہی مچائی ہے اور ایک دن میں سب سے زیادہ (8380 )نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں مزید 193 افراد کی موت ہوئی ہے۔
مرکزی صحت اورخاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے اتوارکو جاری تازہ ترین عداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1،82،143 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور5164 افراد کی موت ہوئی ہے۔ملک میں ایک دن میں 4614 متاثرین شفایاب ہوئے ہیں جس سے اس بیماری سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 86،984 ہو گئی ہے۔ ملک میں فی الحال کورونا وائرس کے 89995 فعال کیسز ہیں۔
ملک میں ریاست مہاراشٹر اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2940 نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 99 افراد کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 65،168 اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 2197 ہو گئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1084 افراد شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 28081 ہو گئی ہے۔