عدن، 16 ستمبر (یو این آئی) یمن کے حوثی گروپ کے لیڈر عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف گروپ کی جاری فوجی مہم مزید تیز ہو گی۔
حوثی رہنما نے اتوار کو وسطی اسرائیل پر میزائل حملے کے دوران حملوں کو جاری رکھنے اور انہیں تیز کرنے کی دھمکی دی۔
الحوثی نے گروپ کے المسیرہ چینل کے ذریعے پیر کو نشر ہونے والے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں کہا ’’ہماری کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک غزہ پٹی پر حملہ اور محاصرہ جاری ہے۔ ہم مزید حملے کرنے کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں اور مہم اور بھی بڑی ہے۔‘‘
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ ساریہ نے کہا کہ گروپ کی فورسز نے ’ ایک نئے ہائپر سونک بیلسٹک میزائل‘ استعمال کرکے جفا کے علاقے میں اسرائیلی دشمن کے فوجی ہدف کو نشانہ بنایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر سے حوثی گروپ نے غزہ میں فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بحیرہ احمر اور خلیج عدن میں ’اسرائیلی سے متعلق‘ بحری جہازوں کو نشانہ بناتے ہوئے میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
جولائی میں، حوثیوں نے تل ابیب پر ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول کی، جس کے بعد حوثیوں کے زیر کنٹرول اہم علاقوں اور یمن میں حدیدہ سمیت مقامات پر جوابی اسرائیلی فضائی حملے کیے گئے۔