ایران نے فرانسیسی میگزین کے ذریعے حضرت محمد مصطفی (ص) کی اہانت کی مذمت کرتے ہوئے اس پر سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے فرانسیسی جریدے شارلی ایبدو میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیغمبر اسلام (ص) سمیت کسی بھی نبی مرسل کی بے احترامی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آزادی بیان کے بہانے ایک بار پھر فرانسیسی جریدے شارلی ایبدو کے توہین آمیز اقدام سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
انھوں نے کہا ہے کہ یہ ایک اشتعال انگیز اقدام ہے اور اس سے اسلامی اقدار نیز دنیا کے ایک ارب سے زیادہ مسلمانوں کے عقائد کی توہین ہوئی ہے ۔
یاد رہے کہ فرانسیسی جریدے شارلی ایبدو نے منگل کو ایک بار پھر شان رسالت میں گستاخی کرتے ہوئے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ کے توہین آمیز خاکے شائع کئے ہیں۔
فرانسیسی جریدے کے اس اقدام کی دنیا بھر میں مذمت کی جا رہی ہےفرانس کے شارلی ایبدو جریدے نے منگل کو جو توہین آمیز خاکے شائع کئے ہیں اس سے پہلے یہی خاکے دوہزار پانچ میں ڈنمارک کے ایک اخبار نے شائع کئے تھے۔
شارلی ایبدو جریدے میں شائع ہونے والے کارٹون اور توہین آمیز خاکوں سے اس سے قبل بھی کئی بار ہنگامہ کھڑا ہو چکا ہے ۔فرانسیسی جریدہ شارلی ایبدو گذشتہ برسوں میں بار بار پیغمبر اسلام کی شان مبارک میں توہین آمیز خاکے چھاپ چکا ہے۔ اس سے قبل دوہزار پندرہ میں شان رسالت میں اس جریدے کے توہین آمیز خاکے شائع ہونے کی بنا پر دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے تھے اور ان میں غم و غصے کی لہرپیدا ہوگئی تھی جبکہ بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے تھے ۔ا
س بار بھی دنیا بھر کے مسلمانوں نے شان رسالت میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف دنیا کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کر کے اس توہین آمیز اقدام کی مذمت کی ہے ۔