لکھیم پورکھیری میں ایک شوہر نے اپنی بیوی کا صرف اس لئے قتل کر دیا کہ صبح کی چائے میں شکر کم تھی۔ بتایاجا رہا ہے کہ چائےکے سلسلے میں شوہر بیوی میں جھگڑا ہوا اور بات اتنی آگے بڑھ گئی کہ اس نے چاقو سے اس کا قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم شوہر کو گرفتار کرلیا ہےاور چاقو بھی برآمد کر لیاگیا ہے۔
لکھیم پور کھیری کے برورقصبہ کے گاندھی نگرمحلہ میں رہنے والا ببلو صبح جب سو کے اٹھا تو اس کی بیوی ۳۵سالہ رینو چائے بنا کر اس کیلئے لائی۔ چائے میں شکر کم تھی،چائے کے ذائقہ کو لے کر اس کی بیوی سے کہا سنی شروع ہو گئی۔ رینو نے بھی پلٹ کر کچھ جواب دے دیا۔اس کے بعد ببلو کچن میں جا کر سبزی کاٹنے والا چاقو اٹھالایا۔ چاقو سے اس نے بیوی پر حملہ کر دیا جس سے رینو زمین پر گر پڑی اس کے بعد ببلو نے اس کی گردن اور سینے پر حملہ کرکے اسے موت کے گھاٹ اتار دیا۔اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے لاش کو قبضہ میں لے کر اسے پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دیا۔ رینو کے والد خوشی رام نے اپنے داماد ببلو کے خلاف تحریر دے کر قتل کی رپورٹ درج کرائی ہے۔ پولیس نےببلو کو چاقو کے ساتھ گرفتار کر لیا ہے۔رینوکے تین بچے بادل، رکشا اور آیوش ہیں۔واردات کے وقت تینوں بچے گھر کے باہر کھیل رہےتھے۔ بتایا جارہا ہے کہ رینو حاملہ بھی تھی۔ ببلو چوتھے بچے کو لے کر بھی بیوی پر شک کرتا تھا۔ پانچ دن قبل بیوی نے مائیکے جانے کیلئے ۵۰۰ روپیوں کا مطالبہ کیا تھا۔ اس پر شوہر نے اسے نہ روپئے دئے اور نہ مائیکے جانے دیا۔اس سلسلے میں بھی دونوں کے بیچ کشیدگی تھی۔ ببلو چاٹ کا ٹھیلہ لگاتا تھا۔