اسرائیل نے غزہ میں بچوں کے اسپتال کے تہہ خانے سے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل نے غزہ میں بچوں کے ایک اسپتال کے تہہ خانے کی تصاویر جاری کیں جس میں اسلحہ دکھایا گیا ہے اور اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ یہ اسلحہ اسپتال کے تہہ خانے سے ملا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ اسلحے میں گرینیڈز اور خودکش جیکٹوں سمیت دیگر دھماکا خیز مواد شامل ہے۔
اسرائیلی فوجی کے ترجمان نے تہہ خانے میں ناصرف حماس کے ہتھیاروں بلکہ اسرائیلی یرغمالیوں کے رکھے جانے کا بھی دعویٰ کیا۔
ترجمان نے دعویٰ کیا کہ تہہ خانہ ایک کوارٹر کے طور پر بھی استعمال ہوا ہے جس میں ایک چھوٹا کچن شامل ہے جب کہ اس میں ایک سرنگ بھی ہے جو حماس کے سینئر نیول کمانڈر کے گھر تک جاتی ہے، حماس اسی اسپتال سے غزہ پر کنٹرول اور اسرائیل کے خلاف جنگ کرتا ہے۔
فوجی ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے تہہ خانے سے ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کی ہے جس پر گولیوں کے نشان موجودہیں۔