محرم الحرام کے آغاز پر ایک ہزارمربع میٹر کا پرچم حسینی ایران کے دارالحکومت تہران کی فضا میں لہرا دیا گیا۔
بلدیہ تہران کے مطابق نام حسین (ع) سے مزین یہ پرچم ایران کا سب سے بڑا اور دنیا کا تیسرا بڑا پرچم ہے جسے ایک سو پچاس میٹر بلند پول پر نصب کیا گیا ہے۔
تہران کے بیشتر علاقوں سے دکھائی دینے والا یہ پرچم آمادہ دلوں کو شہدائے کربلا کی یاد سے منور کر رہا ہے۔
ایران کے تمام شہروں میں سیاہ پرچم اور بینر نصب کیے جارہے ہیں اور شہدائے کربلا کی یاد میں پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی جارہی ہیں۔
عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی میں جہاں سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کا روضہ اقدس واقع ہے، فضا پوری طرح سوگوار ہے۔
عراق کے مختلف شہروں نیز دنیا بھر سے زائرین کی کربلائے معلی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
پاکستان اور ہندوستان میں بھی محرم الحرام کی آمد پر فضا سوگوار ہے، مختلف شہروں میں عزا خانے سجائے جارہے ہیں اور لوگ خود کو عزائے حسین (ع) کے لیے آمادہ کر رہے ہیں۔