آنجہانی ملکہ برطانیہ کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ملکہ الزبتھ دوئم 8 ستمبر کو سہ پہر 3 بج کر 10 منٹ پر ‘بڑھاپے’ کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔
ڈان اخبار میں شائع خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 96 سالہ ملکہ کا انتقال اسکاٹش ہائی لینڈز میں واقع بالمورل کیسل اسٹیٹ میں ہوا اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ انتقال کی خبر سامنے آنے سے ساڑھے تین گھنٹے قبل ہی ملکہ اس دنیا سے رخصت ہو چکی تھیں۔
الزبتھ برطانوی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک شاہی مسند سنبھالنے والی ملکہ رہیں اور انہوں نے 1952 کے بعد 70 سال تک سربراہ مملکت کی حیثیت سے حکومت کی۔