مبئی، 12 فروری ؛ بالی ووڈ میں پران ایک ایسے اداکار تھے جنہوں پچاس اور ستر کی دہائی کے دوران فلم انڈسٹری میں ویلن کاکردار ادا کرنے والے تنہا حکمراں کی حیثیت سے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔
پران کا پورا نام پران کشن سکند تھا ان کی پیدائش 12فروری 1920کو پرانی دہلی کے ایک علاقے بلیماران کے ایک خوشحال پنجابی گھرانے میں ہوئی تھی۔
ان کے والد کیول کرشن سکند ایک سول انجینئر تھے اور سرکاری ٹھیکے لیا کرتے تھے۔
ان کی ماں کا نام رامیشوری تھا۔
تعلیم کے شعبے میں پران نے بڑی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، وہ بچپن سے ہی ماہر ریاضی تھے اور اس مضمون میں خاص مہارت رکھتے تھے۔
رام پور کے حامد اسکول سے تعلیم مکمل کرنے کے بعد وہ دہلی میں بطور پروفیشنل فوٹوگرافر کام کرنے لگے تھے۔ولی محمد نے پران کی صورت دیکھ کر انہیں فلموں میں کام کرنے کا مشورہ دیا ۔
پران نے اس وقت ولی محمد کے مشورے پر توجہ نہیں دی لیکن ان کے بار بار کہنے پر وہ تیار ہو گئے۔
سال 1940 کی فلم ’يملا جٹ‘ سے پران نے اپنے فلمی کریئر کا آغاز کیا جبکہ وہ خاندان (1942)نامی فلم میں سب سے پہلے اہم کردار میں نظر آئے۔
پران نے 1942سے1946کے دوران لاہور میں تقریباً 22 فلموں میں کام کیا تھا جن میں سے 18فلمیں 1947تک ریلیز ہوگئیں اور ایک فلمی ہیرو کے طور پر جلوہ گر ہوگئے تھے۔