کولمبو : ہندوستان کے اسٹار کرکٹر ویراٹ کوہلی نے کہا کہ ملک میں کرکٹ کے تئیں جوش و جنون اور حمایت سے ایک بار پھر ورلڈ کپ ٹرافی گھر لانے کے ہندوستانی ٹیم کے عزم کو مضبوطی ملی ہے ۔
کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنامنٹ 5 اکتوبر سے 19 نومبر کے درمیان ہندوستان میں کھیلا جائے گا۔ کوہلی نے کہا کہ ہمارے مداحوں کا جنون اور حمایت سے ہی ورلڈ کپ جیتنے کے ہمارے عزم کو تقویت ملتی ہے ۔ ماضی کے ورلڈ کپ جیتنے کی یادیں، خاص طور پر 2011 کی جیت، ہمارے دلوں میں کندہ ہے ، اور ہم اپنے مداحوں کے لیے نئی یادیں سجانا چاہتے ہیں۔ میں اس ناقابل یقین مہم کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔ میں اپنے مداحوں کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے اپنا سب کچھ دینے کے لیے تیار ہوں۔’’
آل راؤنڈر رویندرا جڈیجہ نے کہا، “بطور کرکٹر یہ جاننا کہ لاکھوں مداح آپ کے پیچھے کھڑے ہیں، آپ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرنے سے زیادہ متاثر کن کوئی چیز نہیں ہے ۔ یہ مہم ٹیم انڈیا کی جیت دیکھنے کے لیے ہمارے مداحوں کے گہرے جنون اور جذبے کی عکاسی کرتی ہے ۔ یہ ایک ایسا سفر ہے جس پر ہم پورے ملک کے ساتھ مل کر چل رہے ہیں، اور ہم میدان میں اپنی پرفارمنس سے اپنے مداحوں کو فخر کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔”
ٹیم انڈیا اپنی ون ڈے ورلڈ کپ مہم کا آغاز 8 اکتوبر کو باوقار ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف بڑے میچ سے کرے گی۔ اس کے بعد نئی دہلی کے فیروز شاہ اسٹیڈیم میں میزبان ٹیم کا مقابلہ افغانستان سے ہوگا۔ ہندوستان کا مقابلہ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں اپنے روایتی حریف پاکستان سے ہوگا۔
کپل دیو کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم نے پہلی بار 1983 میں ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر ورلڈ کپ ٹرافی اپنے نام کی تھی جبکہ مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم نے دوسری بار 2011 میں ورلڈ کپ جیت کر ہندوستان کو کرکٹ کا لیڈر بنایا تھا۔