بارہ بنکی : نیشنل ہائی وے کے کنارے کھڑی گاڑیوںسے ڈیزل چوری کرنے والے چوروں کا گروہ سرگرم ہے، انہیں پولیس انتظامیہ کاکوئی خوف نہیں ہے، گزشتہ رات لکھنؤ-اجودھیاقومی شاہراہ پر واقع موضع رسولی کے نزدیک اودھ اسٹار روڈ لائنس ٹرانسپورٹ پر کھڑے ٹرک سے ۳۰۰ لیٹر سمیت ٹرک ڈرائیور کی جیب کاٹ کر دس ہزار روپئے نقد لے کر چور فرار ہوگئے،متاثر ٹرک ڈرائیور نے تھانہ صفدرگنج میں چوری کی تحریر دی ہے۔
صفدرگنج تھانہ علاقہ کے موضع رسولی واقع اودھ اسٹار روڈ لائنس ٹرانسپورٹ پر گزشتہ رات ٹرک ڈرائیور ابشار الدین خاں ولد زینل خان ساکن پلنگ سندری تھانہ امگری ضلع شیلام آسام ٹرک نمبر بی پی ۶۵؍ اے ڈی ۲۷۵۹کو لے کر گورکھپور سے مال لے کر آیاتھا ،ٹرک ڈرائیور گھنا کہرہ اور برسات ہونے کے سبب ٹرانسپورٹ کے سامنے ہائی وے کے کنارے گاڑی کھڑی کرکے سوگیا،
رات میں نامعلوم ڈیزل چوروں نے ٹرک سے قریب ۳۰۰لیٹر ڈیزل نکال لیااور گاڑی کے اند ر سورہے ڈرائیور کی جیب کاٹ کر دس ہزار روپئے نقد غائب کردئے، صبح ٹرک ڈرائیور نے جاگنے پر دیکھا کہ جیب میں رکھی نقد رقم سمیت گاڑی سے ڈیزل غائب ہے، متاثر تھانہ صفدر گنج میں چوری کی تحریر دی ہے۔
برسوں سے سرگرم ہے ڈیزل چوروں کا گروہ:بہار ، بنگال سمیت دوسری ریاستوںکو جوڑنے والے لکھنؤ- اجودھیا قومی شاہراہ پر لمبی دوری کا سفر کرنے والے بڑی مال ڈھونے والی گاڑیوں کی آمدورفت ہمیشہ بنی رہتی ہے، ڈیزل چوری کرنے والے سرگرم چور درمیانی رات ہوتے ہی سرگرم ہوجاتے ہیں
جو چار پہیہ گاڑیوں میں کرپا اور مشین رکھتے ہیں ، تھکے گاڑی ڈرائیور ہوٹلوں اور ڈھابوں کے سامنے جیسے ہی گاڑی کھڑی کرکے ہٹتے ہیں ویسی ہی ٹنکیاں خالی ہوجاتی ہیں۔