واشنگٹن : دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس اور ان کی اہلیہ میکینزی بیزوس کے درمیان طلاق کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق میکینزی کو شادی ختم ہونے کے بعد 35 ارب ڈالر ملیں گے۔میکینزی نے یہ اعلان اپنی ایک ٹویٹ میں کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’میں بہت شکرگزار ہوں کہ جیف سے شادی ختم کرنے کا عمل ایک دوسرے کے تعاون کے ساتھ مکمل ہو گیا ہے۔‘
میکینزی جیف بیزوس کی آن لائن خریداری کی کمپنی ایمیزون کے چار فیصد شیئرز کی مالک بنیں گی، اس کمپنی کو جیف نے 25 برس قبل قائم کیا تھا۔تاہم وہ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ اور جیف بیزوس کی خلائی فرم بلیو اوریجن سے اپنا شیئر نہیں لیں گی۔معاہدے سے پہلے جیف بیزوس ایمیزون میں 16.3 فیصد شیئر رکھتے تھے۔ طلاق کے نتیجے میں انھیں اب 75 فیصد جبکہ مکینزی کو ایمیزون کے شیئرز کا 25 فیصد حصہ ملے گا۔ تاہم مکینزی نے ان شیئرز کا ووٹنگ کنٹرول اپنے سابق شوہر کو دیا ہے۔اس جوڑے کے چار بچے ہیں اور یہ دونوں سنہ 1994 سے ایک ساتھ تھے جب بیزوس نے اپنی کمپنی ایمیزون کا آغاز کیا تھا۔ میکینزی اس فرم میں بھرتی کیے جانے والے عملے کی پہلی ممبر تھیں۔ایمیزون اب آن لائن خریداری کی ایک بڑی کمپنی ہے جس نے گزشتہ برس 232 ارب ڈالر کی کمائی کی۔ فوربز میگزین کے مطابق اس کمائی سے جیف بیزوس اور ان کے خاندان نے 131 ارب ڈالر جمع کر لیے۔میکینزی ایک کامیاب ناول نگار ہیں اور دو کتابوں کی مصنفہ ہیں۔ وہ پرنسٹن یونیورسٹی میں پْلٹزر انعام یافتہ مصنف ٹونی موریسن کی شاگرد رہیں۔ٹونی موریسن نے ایک بار میکینزی کے بارے میں کہا کہ ’وہ تخلیقی تحریر کی کلاس میں میری بہترین شاگردوں میں سے ایک ہیں۔۔۔ واقعی بہترین۔‘جیف بیزوس مبینہ طور پر فاکس ٹی وی کی سابقہ میزبان لورین سینچیز کے ساتھ رشتے میں ہیں۔جنوری میں جب جیف اور ان کی بیوی نے ایک دوسرے سے علیحدگی کا اعلان کیا تو ایک امریکی میگزین نے جیف بیزوس کے افیئر کی تفصیلات شائع کیں جس میں کچھ نجی میسجز بھی شامل تھے۔جیف بیزوس نے امریکن میڈیا ان کارپوریٹڈ کے پبلشر پر بلیک میل کرنے کا الزام لگایا تاہم پبلشر کی جانب سے ان الزامت کی تردید کی گئی۔جیف بیزوس اور میکینزی کے مابین طے پانے والا یہ معاہدہ ارب پتی امریکی بزنس مین ایلس ویلڈرسٹین اور ان کی اہلیہ کے درمیان طے پانے والے طلاق کے معاہدے سے بھی بڑا ہے جس کی مالیت تقریباً 4 ارب ڈالر تھی۔ اس جوڑے کے درمیان طلاق 1999 میں ہوئی۔