لکھنؤ۔آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے اتوار کو لکھنؤ میں منعقد مجلس عاملہ کےہنگامی اجلاس میں اجودھیا معاملہ کے سلسلہ میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے پر نظر ثانی عرضی داخل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اسی کے ساتھ بابری مسجد کے عوض سپریم کورٹ نے جو پانچ ایکڑ آراضی دینے کا فیصلہ کیا ہے بورڈ نے وہ زمین لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی جگہ نہ تو بدلی جا سکتی ہے اور نہ ہی اس کے عوض میں کوئی دیگر چیز قبول کی جا سکتی ہے۔ یہ اطلاع بورڈ کے رکن ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے جلسہ کے بعد نامہ نگاروں کو دی۔
بورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی کی صدارت میں یہاں ڈالی گنج واقع ممتاز پی جی کالج میں منعقدہ جلسہ میں بورڈ کی مجلس عاملہ کے کل ۵۱؍اراکین میں سے ۳۵سے ۴۰ ؍اراکین سمیت کل ۴۵ممبران شامل ہوئے۔ بورڈ کے سکریٹری اور وکیل ظفر یاب جیلانی نے جلسہ میں کئے گئے فیصلوں کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ نے طے کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی عرضی داخل کریںگے۔

علی طاہر رضوی