ٹک ٹاک اسٹار اور بی جے پی لیڈر سونالی پھوگاٹ کی موت کا معمہ اب جلد حل ہو سکتا ہے۔ ہر دن اس معاملے پر نئے ڈیولپمنٹ سامنے آ رہے ہیں اور اس کیس کے تار ہسار سے بھی جڑے ہوئے ہیں جس وجہ سے گوا پولیس کی ایک ٹیم وہاں پہنچ چکی ہے۔
ساتھ ہی ان کے گھر اور فارم ہاؤس کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ اس کیس میں ہریانہ پولیس کی بھی ایک ٹیم اس کے ساتھ ہے جو جانچ میں مدد کر رہی ہے۔
اس درمیان خبر سامنے آ رہی ہے کہ پھوگاٹ کا فون اور لیپ ٹاپ چرانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ پھوگاٹ کی فیملی نے الزام عائد کیا تھا کہ کمپیوٹر آپریٹر شیوم نے ان کے دفتر سے لیپ ٹاپ، ڈی وی آر، موبائل سمیت کئی سامان چرائے ہیں۔ اس کے بعد وہ لاپتہ ہو گیا۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے ہریانہ پولیس کی ایک ٹیم نے فوراً ملزم کو تلاش کیا اور اسے گرفتار کر لیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق شیوم کا کردار بھی اس کیس میں کافی مشتبہ ہے۔ وہ سونالی کے فارم پر رہتا تھا، لیکن جس دن ان کی موت ہوئی اسی دن وہ فرار ہو گیا۔ اس کے بعد سونالی کے گھر والوں نے پولیس کو اس کے بارے میں جانکاری دی۔
اس سے قبل گوا پولیس نے کرلیز ریسٹورینٹ کے مالک ایڈون نونس اور دتہ پرساد گاؤنکر کو گرفتار کر ان کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا تھا۔ جانچ میں پتہ چلا ہے کہ ڈرگس کی سپلائی دتہ پرساد گاؤنکر نے کی تھی، جو انجونا کے ہوٹل گرینڈ لیونی ریسارٹ میں روم بوائے کی شکل میں کام کر رہا تھا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں سونالی پھوگاٹ اور اس کے پی اے ٹھہرے ہوئے تھے۔ ملزم سدھیر سانگوان کے انکشاف کی بنیاد پر کرلیز ریسٹورینٹ کے واش روم سے سونالی کو دی گئی ڈرگس بھی ضبط کی گئی ہے۔ 22 اور 23 اگست کی رات سونالی پھوگاٹ سدھیر اور سکھوندر کے ساتھ پارٹی کر رہی تھی۔ کرلیز کلب میں ٹھیک اسی جگہ پر اس رات پارٹی ہو رہی تھی۔