نئی دہلی ، 10 اگست ؛ملک میں اس مہینے میں پہلی بار ، کورونا وائرس (کووڈ۔ 19) وبا کے فعال مریضوں کی تعداد چار لاکھ سے نیچے آ گئی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 28،204 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
پیر کے روز ملک میں 54 لاکھ 91 ہزار 647 افراد کو کورونا کے خلاف ویکسین دی گئی اور اب تک 51 کروڑ 45 لاکھ 268 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
منگل کی صبح مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ، گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 28،204 نئے کیسز کی آمد کے ساتھ ، متاثرہ افراد کی تعداد تین کروڑ 19 لاکھ 98 ہزار 158 ہو گئی ہے۔ اس دوران 41 ہزار 511 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد تین کروڑ 11 لاکھ 80 ہزار 968 ہو گئی ہے۔
ایکٹو کیسز 3،680 کم ہو کر تین لاکھ 88 ہزار 508 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 373 مریضوں کی موت کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر چار لاکھ 28 ہزار 682 ہو گئی ہے۔ ملک میں فعال کیسز کی شرح کم ہو کر 1.21 فیصد ، صحت یابی کی شرح 97.45 فیصد اور اموات کی شرح 1.34 فیصد ہو گئی ہے۔
پچھلے مہینے ، 27 اور 28 جولائی کو ، ملک میں فعال مریضوں کی تعداد چار لاکھ سے نیچے پہنچی تھی ۔
مہاراشٹرا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایکٹو کیسز 3131 کم ہوکر 71813 ہو گئے ہیں۔ دریں اثنا ، ریاست میں 7568 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے بعد ، کورونا سے پاک لوگوں کی تعداد بڑھ کر 6151956 ہوگئی ہے ، جبکہ 68 مریضوں کی موت کے باعث اموات کی تعداد بڑھ کر 134064 ہوگئی ہے۔