نئی دہلی:سستے ہوائی جہاز ایندھن، ایئر لائنسوں کے درمیان بڑھتی ہوئی مسابقت اور نیٹ ورک کی توسیع
کئے جانے پر گھریلو ہوا بازی کی صنعت مسلسل دوسرے سال 20 فیصد سے زیادہ کی رفتار سے بڑھی ہے اور گزشتہ سال ہوائی مسافروں کی تعداد 10 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ۔
شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ سال گھریلو راستوں پر فضائی مسافروں
کی تعداد 9 کروڑ 98 لاکھ 88 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ یہ سال 2015 کے 8 کروڑ 10 لاکھ 91 ہزار مسافروں کے مقابلے میں 23.18 فیصد زیادہ ہے ۔
سال 2015 میں ہوائی مسافروں کی تعداد میں 20.34 فیصد کا اضافہ ہوا تھا۔ اس طرح گزشتہ دو سال میں ملک میں ہوائی جہاز سے سفر کرنے والوں کی تعداد سال 2014 کے 6 کروڑ 73 لاکھ 83 ہزار کے مقابلے میں 48.24 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔
گذشتہ سال نومبر کے مقابلے دسمبر میں فلائٹوں میں نشستیں زیادہ بھری رہیں۔ اس معاملے میں سستی طیارہ سروس فراہم کرنے والی کمپنی اسپائس جیٹ کی کارکردگی ایک بار پھر سب سے بہتر رہی۔ اوسطا اس کی 93.7 فیصد نشستیں بھری رہیں۔ اس کے بعد انڈیگو کی 91.4 فیصد نشستیں پرُ رہیں۔
مسافروں کے معاملے میں گزشتہ سال سب سے زیادہ 39.3 فیصد مارکیٹ شیئر انڈگو کی رہی۔ اس کے بعد 16.3 فیصد مارکیٹ شیئر جیٹ ایئر ویز کی اور 14.6 فیصد سرکاری پلین سروس کمپنی ایئر انڈیا کی رہی۔ اسپائس جیٹ کی مارکیٹ شیئر 12.7 فیصد رہی۔