نئی دہلی، 14 جون (یو این آئی) ملک میں کورونا وائرس (کووڈ 19) کے یومیہ معاملوں میں کافی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا متاثرین کے سب سے زیادہ 11929 نئے معاملے سامنے آئے ہیں۔ اگرچہ اس دوران اموات کی تعداد سنیچر کے مقابلے 75 فیصد کم ہوکر 311 رہ گئی ہیں۔
صحت اور کنبہ بہبود کی مرکزی وزیرت کی جانب سے سنیچر کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں ے دوران 11929 نئے معاملوں کے ساتھ متاثرین کی تعداد بڑھ کر 320922 ہوگئی ہے۔ اس دوران 311 لوگوں کی موت سے مہلوکین کی تعداد 9195 ہوگئی ہے۔ ملک میں اس وقت کورونا کے 149348 سرگرم معاملے ہیں جبکہ اس وبا سے صحت مند ہونے والوں کی تعداد سرگرم معاملوں کے مقابلے 13031 زیادہ یعنی 162379 ہے۔
مہاراشٹر اس وبا سے ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3427 نئے معاملے ریکارڈ کئے گئے ہیں اور 113 لوگوں کی موت ہوئی ہے جس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثر ہونے والوں کی کل تعداد بڑھ کر 104568 اور اس مہلک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3830 ہوگئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1550 لوگ بیماری سے صحت مند ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی کل تعداد 49346 ہوگئی ہے۔