نئی دہلی، 16 جون (یو این آئی) ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس (کووڈ 19) کے انفیکشن کی وجہ سے 380 افراد کی موت کے بعد اس مرض سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 10 ہزار کے قریب ہوگئی ہے۔ اسی عرصے کے دوران، انفیکشن کے 10667 نئے معاملے سامنے آئے جبکہ 10215 مریض اس وائرس سے آزادی حاسل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے منگل کے روز جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق، نئے کیسوں کے ساتھ متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 343091 ہوگئی۔ اس بیماری سے مرنے والوں کی تعداد بھی بڑھ کر 9900 ہوگئی۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 153178 فعال معاملے ہیں جبکہ اس وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد 180013 ہے۔
ملک میں مہاراشٹر اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں 2786 معاملے درج کئے گئے ہیں جبکہ 178 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں اس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد بڑھ کر 110744 ہوگئی ہے اور اس جان لیوا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 4128 ہوگئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 5071 افراد بیماریوں سے صحت مند ہوچکے ہیں، جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 56049 ہوگئی ہے۔