لکھنؤ: سرکاری اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی بھرتی بند ہونے کے بعد ایراز میڈیکل کالج نے ایک بار پھر کورونا مریضوں کاہاتھ تھاما ۔بدھ کو ایراز میڈیکل کالج میںکوروناودیگر مریضوں کو بھرتی کرایا گیا۔ اس میں خواتین، مرد اور بچوں کو ملا کر کل مریضوں کی تعداد302 ہے ۔
ہردوئی روڈ واقع ایراز میڈیکل کالج میں کورونا مریضوں کے آنے کا سلسلہ بند نہیں ہو رہا ہے۔بدھ کو بھی مریض بھرتی کرائے گئے جس میں سے کئی کو وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ بھرتی مریضوں میں بچوں سے لے کر بزرگ مریض تک شامل ہیں۔
میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر ایم اے فریدی نےبتایاکہ مریضوں کی تعداد زیادہ ہونے کے سبب ڈاکٹروںپر دباؤ کافی ہے۔ اس کے باوجودتربیت یافتہ ڈاکٹروںکی ٹیم مریضوںکو بہتر طبی سہولتیں فراہم کرارہی ہے۔ مریضوں میں کئی دوسری بیماریوں سے بھی متاثر ہیں جس کیلئے ان کی جانچ کراکر ان کا علاج کرایا جا رہا ہے۔
پرنسپل ڈاکٹر فریدی نے بتایاکہ کچھ مریض ایک ہی کنبہ کے ہیں جس کی وجہ سے انہیں ایک ساتھ رکھ کر علاج کیاجا رہا ہے۔ اسپتال میںکورونامتاثر مریضوں کے آنے کےبعد سبھی کی دوبارہ جانچ کراکر علاج شروع کیاگیا۔ کئی مریضوں میں یرقان اور دیگر بیماریوں کی بھی تصدیق ہورہی ہے ۔
ڈاکٹر فریدی نے بتایاکہ کووڈ زون میںکام کرنےو الے سبھی ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو محکمہ صحت کی گائڈ لائن کے مطابق تربیت دی گئی ہے۔ غور طلب ہے کہ ایراز میڈیکل کالج نے کوروناکے مریضوں کے علاج کیلئے لیول-3 کاکووڈ اسپتال بنایاہے جس میں آئیسولیشن، آئی سی یو اور وینٹی لیٹرجیسی تمام سہولیات بھی موجود ہیں۔