نئی دہلی، 15 مئی ؛ ملک میں کورونا وائرس (كووڈ -19) کاقہر عروج پر ہے اور اب یہ وبا کے سب سے زائد کیسز والے ممالک کی فہرست میں 12 ویں مقام کے ساتھ ہی عالمی وبا کے مرکز چین کے قریب پہنچ گیا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 3967 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرین کی تعداد 81،000 سے زائد ہو گئی ۔
مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے جمعہ کی صبح جاری عداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 81،970 افراد وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 2649 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 27920 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا ہے ۔چین میں صوبہ ہوبئی کے ووہان میں دسمبر 2019 کے وسط میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ کیس سامنے میں آیا تھا اور اس نے اب تک دنیا بھر کے کئی ممالک کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے ۔ چین میں ہی اب تک 82933 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 4633 ہلاک ہوئے ہیں ۔
ملک میں کورونا سے سب سے زائد مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور اس کی وجہ سے ریاست کی حالت مسلسل بگڑ رہی ہے ۔ مہاراشٹر میں 27524 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 1019 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 6059 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں ۔