نئی دہلی، 6 اکتوبر (یواین آئی) گزشتہ تین دن سے ملک میں جان لیوا کوروناوائرس سے نجات حاصل کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے ، جبکہ وائرس کے نئے کیسز میں لگاتار کمی آرہی ہے۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود کی جانب سے منگل کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 75،787 متاثرین کورونا سے شفایاب ہوئے ہیں جس سے جان لیوا وبا سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 56،62،490 ہوگئی ہے۔ اسی عرصہ میں 61،267 افراد کورونا کی زد میں آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 66،85،082 تک پہنچ گئی۔
اس سے قبل اتوار کے روز کوروناوائرس کے 82،259 مریض صحت یاب ہوئے تھے جبکہ 75،829 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔ اسی طرح پیر کو شفایابی اور نئے کیسز کی تعداد بالترتیب 76،737 اور 74،442 رہی تھی ۔
گزشہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 884 مریضوں نے اپنی جانیں گنوائی ہیں جس سے ہلاک شدگان کی مجموعی تعداد 1،03،569 ہوگئی۔
کورونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی سے ایکٹیو کیسز کی تعداد 15404 سے گھٹ کر 91،90،23 رہ گئی۔ اس وقت ملک میں ایکٹیو کیسزکی شرح 13.75 فیصد شفایابی کی شرح 84.70 فیصد اور اموات کی شرح 1.55 فیصد ہے۔