کلکتہ 22اکتوبر (یواین آئی)درگا پوجا کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے مغربی بنگا ل کے عوام سے خطاب کے دوران اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت نے خواتین کو امپاور منٹ کےلئے کئی اقدامات کئے ہیں ۔اس کے ساتھ ہی اپنی تقریر میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل آخری درگا پوجا کے موقع پر ووٹروں کو لبھانے کی بھی کوشش کی ۔
بنگال بی جے پی کی دعوت پر ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہیشاسور کو مارنے کے لئے ماں درگا کا ایک ہی عضو ہی کافی تھا ، لیکن اس کام کے لئے تمام آسمانی طاقتیں متحد ہوگئیں۔ اسی طرح خواتین میں ہمیشہ تمام چیلنجوں پر قابو پانے کی طاقت ہوتی ہے۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ منظم انداز میں خواتین کے امپاورمنٹ اور انہیں طاقت بخشنے کیلئے کھڑے ہوں ۔
اپنی حکومت کی کارکردگی کا ذکرکرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عصمت دری کی سزا سے متعلق قوانین سخت کئے گئے ہیں۔ عصمت دری کے ارتکاب کرنے والوں کےلئے سزائے موت مقررکیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے آتم نربھرکا جو عہد اور سنکلپ لیا ہے اس میں ناری شکتی کا بہت ہی اہم رول ہے ۔
ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ درگا پوجا کا تہوار ہندوستان کے اہم تہواروں میں سے ایک ہے ۔ بنگال کی پوجا ہندوستان کو ایک ہی رنگ میں رنگ دیتی ہے اور یہ ہندوستان پر بنگال کے اثرات کے تاریخی شواہد ہے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ پوجا کے اس موقع پر میں بنگال کی مقدس سرزمین کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھکتی کی طاقت ایسی ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ میں آپ سب کے درمیان حاضر ہوں ، دہلی میں نہیں بلکہ بنگال میں ہوں ۔
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہم سب کورونا بحران سے واقف ہیں اوراس سایہ اس سال درگا پوجا کا تہوار منایاجارہا ہے اس لئے ہم سب کو احتیاط سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔وزیر اعظم نے ریاست کے عوام اور درگا پوجا کمیٹیوں کے تحمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حالات کی نزاکت سمجھتے ہوئے ہم سب نے اپنے جذبات پر قابوپاتے ہوئے تحمل سے کام لیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ کورونا بحران کی وجہ سے درگا پوجا کا اہتمام محدود پیمانے پر کیا ہے لیکن ہم سب کی شکتی اور عظمت و احترام میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ہماری سرگرمیاں محدود ضرور ہیں مگر خوشیاں لامحدود ہے ۔ یہ بنگال کی شناخت ہے۔ میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ دو گز کا فاصلہ بناکر دیوی درگا کی پوجا کریں ، ماسک پہنیں اور تمام اصولوں پر عمل کریں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بنگال کے عظیم سپوتوں نے بھارت ماتا کی خدمت کی ہے۔ بنگال میں پیدا ہوے والی شخصیات نے پوری انسانیت کو راہیں دکھائی ہیں ۔عظیم شخصیات رام کرشن پرم ہنس ، سوامی ویویکانند ، چیتنیا مہاپربھو ، ارووبندو گھوش ، بابا لوک ناتھ ، سری سری ٹھاکر سکھ چندر ، ماں آنندی، رابند ناتھ ٹیگور ، بنکم چندر چٹوپادھیائے ، شرد چندر چٹوپادھیائے کو سلام پیش کرتا ہوں ، جنہوں نے معاشرے کو ایک نئی راہ دکھائی۔
اس کے علاوہ ، وزیر اعظم نے کہا کہ ایشور چندر ودیاساگر ، راجہ رام موہن رائے ، گروچند ٹھاکر ، ہری چند ٹھاکر ، پنچان برما کا نام لینے سے شعور و آگہی آتی ہے۔ مودی نے کہا کہ یہ موقع ان کے سامنے جھکنے کا ہے ،انہوں نے ہندوستان کی تحریک آزادی کو ایک نیا رخ دیا۔میں نیتاجی سبھاش چندر بوس ، شیاما پرساد مکھرجی ، شہید خودی رام بوس ، شہید پرفل چاکی ، ماسٹر دا سوریہ سین ، باگا جتن کو سلام پیش کرتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ماں کا صرف ایک حصہ مہیشورا کو مارنے کے لئے کافی تھا ، لیکن اس کام کے لئے تمام خدائی طاقتوں کو منظم کیا گیا تھا۔ اسی طرح خواتین میں ہمیشہ تمام چیلنجوں پر قابو پانے کی طاقت ہوتی ہے۔ ایسی صورتحال میںہم سب کی ذمہ داری ہے کہ منظم انداز میں ان کے ساتھ کھڑے ہوں۔ مودی نے کہا کہ ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کی مہم تیز رفتار سے جاری ہے۔ عصمت دری سے متعلق قوانین کو سخت کئے گئے ہیں۔یہاں تک کہ سزائے موت کا بھی انتظام کیا گیاہے۔
وزیر اعظم نے 22 کروڑ خواتین کے بینک کھاتہ کھولنے یا مدرا اسکیم کے تحت کروڑوں خواتین کو آسان قرض دینے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ’’بیٹی بچاؤ ، بیٹی پڑھائو‘‘ مہم ہو یا طلاق ثلاثہ کے خلاف قانون خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے مسلسل کام جاری ہے۔ بھارت نے جو نیا عہد لیا ہے اور جس مہم کا ہم نے آغاز کیا ہے اس میں خواتین کی طاقت کا بہت بڑا کردار ہے۔
وزیر اعظم نے 2021 میں ریاست میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر رائے دہندگان کو راغب کرنے کی بھی کوشش کی۔ اپنی تقریر میں وزیر اعظم مودی نے مرکزی حکومت کی کامیابیوں کو بھی گنایا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نےشمال مشرقی ہندوستان کی ترقی کے لئے کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ بنگال کے بنیادی ڈھانچے کے لئے ، رابطے کو بہتر بنانے کے لئے بھی مسلسل کام کیا جارہا ہے۔ کلکتہ میں ایسٹ ویسٹ میٹرو راہداری منصوبے کے لئےساڑھے 8ہزار کروڑ روپئے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کل ٹویٹ کرکے اطلاع دی تھی کہ وہ ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے کلکتہ میں ہونے والے درگا پوجا کی تقریبات میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ براہ راست پروگراموں میں شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔وزیر اعظم کے اس خطاب کو بی جے پی کے تمام دفاتر ، ریاست کے ہر ضلع کے 10 درگا پوجا پنڈال اور پولنگ بوتھ علاقےمیں بڑے بڑے اسکرین لگائے گئے تھے ۔بی جے پی بنگال میں پہلی بار درگا پوجا کا اہتمام کررہی ہے۔ کلکتہ کے سالٹ لیک میں ایسٹرن زونل کلچرل سنٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی خواتین مورچہ کے ذریعہ درگا پوجا کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بنگال کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سیاسی جماعت نے براہ راست درگا پوجا کا انعقاد کیا ہے۔