بل گیٹس کو ابتداء میں معمولی سی ناکامی کا سامنا کرناپڑا مگربعدمیں کامیابی ہمیشہ ان کا مقدر ٹھہری۔
کہتے ہیں کہ ’’خدا جب دیتا ہے تو چھپر پھاڑ کردیتا ہے،، مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جن پر خدادل کھول کرمہربان ہوا۔ بل گیٹس کو ابتداء میں معمولی سی ناکامی کا سامنا کرناپڑا مگربعدمیں کامیابی ہمیشہ ان کا مقدر ٹھہری۔
بل گیٹس ایک ایسی شخصیت ہیں جنھیں کئی سال تک دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز حاصل رہا۔دنیا کے اس امیر ترین شخص کے گھر کا تصور ہی ان کے مداحوں کو سحر میں مبتلا کردیتا ہے۔جدید اور پر تعیش سہولیات سے آراستہ بل گیٹس کے گھر کا کونہ کونہ 21ویںصدی کے معیار سے ہم آہنگ ہے۔بل گیٹس کے گھر کی کیا کیا خصوصیات ہیں آئیےایک نظر ڈالتے ہیں۔
جگہ، رقبہ اور انفرادیت
66,000اسکوائر فٹ کے رقبے پر مشمل بل گیٹس کا گھر’’زیناڈو ‘‘ واشنگٹن کی ایک جھیل کے کنارے واقع ہے۔ اس گھر کی اہم خاصیت اُس کی چھت ہے ،جس کے باعث یہ سرد موسم میں گرم اور گرم موسم میں اندر سے ٹھنڈا رہتا ہے ۔بل گیٹس کا گھر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اور 21 ویں صدی کی ان آسائشات سے مزین ہے جو عام افراد کے لیےابھی متعارف بھی نہیںکروائی گئیں ۔1988ءمیںاس گھر کی تعمیر شروع کی گئی اور سات سال کی طویل محنت کے بعد یہ منصوبہ تکمیل کو پہنچا۔
گھر کی مالیت
بل گیٹس کا گھر 63ملین امریکی ڈالر میں تعمیر کیا گیا،کنگ کاؤنٹی پبلک آفیسر کے مطابق 2017ءمیں بل گیٹس کے گھر کی مالیت 150ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی۔بل گیٹس نے یہ گھر 1988 ءمیں 2 ملین ڈالر میں خریدا تھا اور7 سال بعد ہی اس کی مالیت 63 ملین ڈالر ہوچکی تھی۔ آپ کی معلومات میں اضافہ کرتے چلیں کہ بل گیٹس سالانہ ایک ملین ڈالر پراپرٹی ٹیکس ادا کرتے ہیں۔
گھر کا اندرونی خاکہ
بیڈروم ،باتھ روم اور کچن: شاندار خصوصیات لیے بل گیٹس کا یہ پرتعیش گھرروئے زمین پر انتہائی منفرد اہمیت کا حامل ہے جس میں 24 باتھ روم اور صرف 7بیڈروم ہیں۔24باتھ روم اور 7بیڈروم سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہر کمرے میں کم از کم تین باتھ موجود ہیں جن میںسے 10 بڑے اور 14 چھوٹے ہیں۔باتھ روم کی اتنی بڑی تعدادیہ بتاتی ہے کہ بل گیٹس کی فیملی روزانہ کی بنیاد پر پورے مہینے الگ الگ باتھ روم استعمال کرسکتی ہے۔گھر کے مختلف حصوں میں 6 کچن بھی تعمیرکیے گئے ہیں۔
گیسٹ روم :گیسٹ ہاؤس بل گیٹس کے گھر کی وہ پہلی عمارت ہےجس کی تکمیل پورے گھر میں سب سے پہلے 1992ء میں مکمل ہوئی۔ 1900ایکڑ پر پھیلا بل گیٹس کا گیسٹ ہاؤس ابتدائی طور پر تمام ٹیکنالوجیز کا پہلا زون تھا جہاں ہر وہ ٹیکنالوجی سب سےپہلے نصب کی گئی جس کی گھر کے کسی بھی حصے میں ضرورت محسوس کی جاتی تھی۔
سیڑھیاں اور ایلیویٹرز
گھر میں 92 فٹ اونچی، 84 سیڑھیاں بھی موجود ہیں۔
روشنی اور درجہ حرارت کوکنٹرول کرنے والا سسٹم :اگر آپ بل گیٹس کے مہمان ہیں تو آپ ان کے گھر کے مہمان خانے کی روشنی اور درجہ حرارت اپنے مزاج سے تبدیل کرسکتے ہیں کیونکہ بل گیٹس کے ہائی ٹیکنالوجی سے آراستہ گھر میں آب و ہوا کنٹرول کرنے والے جدید سسٹم موجودہیں-جہاں بڑے بڑے مانیٹرزاور موسم کی مناسبت سے درجہ حرارت کنٹرول کرنے کا سسٹم نصب کیا گیا ہے۔ جس کے سبب گھر میں آنے والے ہر مہمان کو ایک مائیکرو چپ دی جاتی ہے جس کی مدد سے وہ موسمیاتی ماحول کو کنٹرول کر سکتا ہے۔
گھر کی دیواریں:بل گیٹس چونکہ خفیہ ٹیکنالوجیز کے شیدائی ہیں، یہی وجہ ہےکہ ان کے گھر کی دیواریں خفیہ اسپیکرز سے آراستہ ہیں- ان اسپیکر زسے گانوں کی ہلکی ہلکی آواز آتی رہتی ہے جنہیں مہمان اپنی مرضی کے مطابق تبدیل بھی کرسکتا ہے-یہی نہیں دیواروں میں موجود پینٹنگ آرٹ ورک کو بھی اپنی مرضی اور پسند کے مطابق ڈھالا جاسکتا ہے۔
ہریالی میں گھرا:بل گیٹس کا زیناڈو گھر واشنگٹن جھیل کے کنارے قائم ہے،چنانچہ ان کے گھر کا زیادہ تر حصہ درختوں اور ہریالی سے گھرا ہوا ہے- درختوں کے درمیان ہونےکے سبب یہ گھر کافی متاثر کن محسوس ہوتا ہے۔ اگر بات کی جائے گارڈننگ کی تو’میپل ٹری‘ بل گیٹس کے پسندیدہ ہیں، جن کی دیکھ بھال کے لیےبھی جدید ٹیکنالوجی سسٹم موجود ہے ۔یہ سسٹم ان پودوں کی چوبیس گھنٹے دیکھ بھال کرنے اور ان کے مرجھانےیاسوکھنے پر خود بخود پانی دیتا ہے۔