نئی دہلی،3 دسمبر(یواین آئی) ملک میں کورونا کے نئے معاملوں کی رفتار سست پڑنے اور صحت مند رہنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے سے دوسرے دن بازیابی کی شرح 94 فیصد سے زیادہ رہی وہیں زیر علاج معاملوں کی شرح اور کم ہوکر ساڑھے چار فیصد سے نیچے آگئی۔
کورونا کی رفتار سست پڑنے کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پچھلے چار دنوں میں 40 ہزار سے کم معاملے آئے ہیں۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے جمعرات کو جاری اعدادو شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹے کے دوران 35,551 معاملے سامنے آئے اور متاثرین کی تعداد 95.34 لاکھ ہوگئی ہے۔اس دوران 40,726 مریض صحت مند ہوئے اور اسی کے ساتھ بازیابی کی شرح بدھ کے 94.03کے مقابلے میں بڑھکر 94.11ہوگئی۔ اب تک 89.73لاکھ مریض کورونا سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔ نئے معاملوں کی بنسبت صحت یاب ہونے والوں کی تعداد زیادہ رہنے سے فعال معاملے 5701 کم ہوئے اور یہ تعداد گھٹ کر 4.22 لاکھ رہ گئی ہے۔اسی مدت میں 526 اور مریضوں کی موت ہونے سے ہلاک شدگان کی تعداد بڑھکر 1,38,648 ہوگئی ہے۔
ملک میں زیر علاج مریضوں کی شرح کم ہوکر 4.44 فیصد پر آگئی ہے جبکہ شرح اموات ابھی 1.45 فیصد ہے۔پچھلے 24 گھنٹے میں دہلی میں سب سے زیادہ 5329 مریض ٹھیک ہوئے جبکہ مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 111لوگوں کی موت ہوئی۔
کووڈ 19 سے سب سے زیادہ متاثر مہاراشٹر میں فعال معاملے 557 کم ہوکر 89,611 رہ گئے ہیں۔ ریاست میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھکر 47,357 ہوگئی ہے،وہیں ابھی تک 16.95 لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا کو مات دے چکے ہیں۔ کیرالہ میں صحت مند ہوئے مریضوں کی تعداد 5.50 لاکھ سے زیادہ ہوگئی،حالانکہ یہاں فعال معاملے 364 بڑھکر 61,223 ہوگئے ہیں جبکہ 2298 لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی میں زیر علاج معاملوں کی تعداد 1467 کم ہوکر اب 30,302 رہ گئی ہے ۔وہیں اب تک 9342 لوگ اس بیماری سے اپنی جان گنوا چکے ہیں،جبکہ 5.38 لاکھ سے زیادہ مریض کورونا سے ٹھیک ہوئے ہیں۔