نئی دہلی، 31 مئی ؛ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی صحتیابی کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 4،614 مریضوں کے ٹھیک ہونے کے بعد اب تک کل 86،983 افراد صحت مند ہو چکے ہیں اور یہ شرح بڑھ کر 47.76 فیصد ہو گئی ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ اس وقت 89،995 مریض سخت طبی نگرانی میں ہیں اور مرکزی حکومت کورونا کے ساتھ نمٹنے میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ساتھ تمام احتیاطی اور ضروری اقدامات کر رہی ہے ۔ملک میں کورونا سے نمٹنے کی حکمت عملی کافی وسیع ہے اور اس کا باقاعدہ طور پر جائزہ لیا جا رہا ہے اور اعلی سطح پر نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔
وزارت نے یہ بھی کہا ہے کہ اس وقت تمام لوگوں کو ذاتی صفائی، سماجی فاصلے، کھانستے اور چھينکتے وقت مناسب احتیاط برتنی ہے اور باہر جاتے وقت منہ کو ماسک یا کپڑے سے ڈھکنا ضروری ہے اور عوامی مقامات اور کام کی جگہوں پر بھی اسی طرح کی عادات کو اپنایا جائے۔
لاک ڈاؤن میں بھلے ہی حکومت نے نرمی دے دی ہے لیکن ہمیں اپنی طرف سے احتیاط میں کوئی کوتاہی نہیں برتنی ہے اور اس وبا کو ہم سب مل کر اسی طرح ہرا سکتے ہیں۔
آئی سی ایم آر نے اب تک ملک میں کورونا کے کل 37،37،027 ٹیسٹ کئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 1،25،428 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں ۔