دیوبند: کورونا متاثرہ افراد کے رابطے میں آئے شہر کے ایک پرائیویٹ نرسنگ ہوم کے ڈاکٹر ،اسٹاف نرس سمیت 15افراد کی کورونا رپورٹ منفی آنے سے محکمہ صحت اور انتظامیہ نے راحت کی سانس لی ہے ۔
سی ایچ سی انچارج ڈاکٹر اندراج سنگھ نے بتایا کہ کورونا مثبت حاملہ خاتون کے رابطے میں آئے ایک پرائیویٹ ڈاکٹر ،سی ایچ سی کی اسٹاف نرس سمیت 15لوگوںکے 20جون کو سیمپل لیکر جانچ کے لئے لیب میں بھیجے گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ لیب سے سبھی لوگوں کی کورونا منفی رپورٹ آئی ہے ،انہوں نے بتایا کہ اتوار اور پیر کے روز شہر اور دیہات سے قریب32افراد کے سیمپل لیکر جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں جن کی رپورٹ کا آنا ابھی باقی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں ابھی تک کورونا مثبت مریضوں کی تعداد 141ہے جس میں 133کا علاج ضلع میں بنائے گئے عارضی اسپتال میں چل رہا ہے اور دیگر افراد کا علاج مختلف اضلاع میں ہو رہا ہے ،ڈاکٹر اندراج نے بتایا کہ اب تک ضلع میں 477معاملے کورونا مثبت پائے گئے ہیں جن میںسے 331علاج کے بعد صحت مند ہوکر اپنے گھر چلے گئے ہیں جبکہ چھ لوگوں کی رپورٹ انکی موت کے بعد کورونا مثبت آئی تھی ۔انہوں نے بتایا کہ اب تک پورے ضلع سے 9433لوگوں کے سیمپل لئے جا چکے ہیں جن میں 8566لوگوں کی رپورٹ مل چکی ہے ،867نمونوں کی رپورٹ کا ابھی آنا باقی ہے ۔