فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسپتال زخمیوں سے مکمل بھرچکے ہیں اور مزید زخمیوں اور بیماروں کو اب زمین پر لٹا کر علاج و معالجہ کیا جا رہا ہے۔
غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کی وحشیانہ جارحیت کا سلسلہ ایسی حالت میں جاری ہے کہ غاصب صیہونی ظالم، ہمیشہ کی مانند فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہے ہیں اور فاسفورس بموں کا استعمال کرکے غزہ میں اپنے جرائم کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں اب تک تقریبا بارہ سو فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ پانچ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ اسپتالوں میں گنجائش سے زائد بیمار اور زخمی موجود ہیں جبکہ دواؤں اور طبی وسائل ختم ہوتے جا رہے ہیں اور ایندھن کی بھی شدید قلت ہے۔
غزہ کی وزارت صحت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ حفظان صحت کی موجودہ بحرانی صورت حال برداشت سے بالکل باہر ہو چکی ہے اور زخمیوں کو منتقل اور طبی وسائل فوری طور پر فراہم کئے جانے کی اشد ضرورت ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے بیان میں غزہ کی بجلی منقطع کئے جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اعلان کیا گيا ہے کہ بجلی کی سپلائی بند ہونے سے بھی صورت حال بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ اس اعلان کے مطابق غاصب صیہونی حکام نے غزہ کے اسپتالوں منجملہ یورپی اسپتال کو پانی و بجلی سے محروم کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ صیہونی وزیر جنگ نے غزہ کا مکمل محاصرہ کئے جانے اور اس علاقے کو پانی و بجلی اور غذائی اشیا کی سپلائی بند کئے جانے کی ہدایات دی ہیں۔