لندن: بیکری کی مالکن ایک خاتو ن با زار میں جب پھل خریدنے گئیں تو اس کو ایک ٹھیلے پر لیموں نظر آیا جو تربوز جتنا بڑا تھا ۔
38 سالہ ٹیمی وارن برطانوی شہر چپن ہام میں رہتی ہیں۔بازار میں اس کو ایک لیموں ملا جو بہت بڑا تھا حتیٰ کہ وہ لیموں ان کے بچےکےپورے سر سے بھی بڑا ہے۔ اس کی مجموعی لمبائی 9 انچ اور وزن چار پونڈ سے بھی زیادہ ہے۔ چند روز قبل ہی انہوں نے یہ لیموں خریدا ہے۔
ٹیمی اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ قریبی موجود لیکم فارم گئی تھیں جہاں ایک اسٹال پر ان کی نظر بہت بڑے لیموں پر پڑی جسے دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں۔ یہ لیموں اصل پھل سے 17 گنا بڑا ہے۔ انہوں نے اس سے لیمن کیک بنانے کا ارادہ کیا اور اسے جھٹ خرید لیا۔
ٹیمی نے کہا کہ میں نے اپنی پوری زندگی میں اتنا بڑا لیموں پہلے کبھی نہیں دیکھا ۔ٹیمی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ ’میرا خیال تھا کہ اس سے بہت اچھا کیک بن سکتا ہے اور یہ میرے بیٹے کے سر سے بھی بڑا ہے،۔
بعد میں معلوم ہوا کہ یہ لیموں جس درخت سے توڑا گیا ہے 1989 میں اسی شجر سے دنیا کا سب سے بڑا لیموں توڑا گیا تھا۔ 31 انچ گھیر والے اس لیموں کا وزن 10 پونڈ تھا جس کی تصدیق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کی تھی۔
ٹیمی نے دیگر ماہرین سے بھی اس لیموں کا ذکر کیا اور لوگوں کو اس لیموں کی خوشبو بہت پسند آئی لوگوں نے اس کی خوشبو کو بہت دلفریب قرار دیا ہے۔ ٹیمی نے لیموں کو استعمال کرنے کے بعد اس کے بیجوں کو اپنے پاس محفوظ کر لیا ہے کیونکہ ٹیمی ان بیجوں سے ایک نیا درخت اگانا چاہتی ہیں۔