سماجوادی پارٹی کے لیڈر اکھلیش یادو نے امیٹھی لوک سبھا حلقہ سے کانگریس امیدوار کشوری لال شرما کے حق میں انتخابی مہم چلائی۔ اس دوران انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار اور مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ امیٹھی میں ’سلینڈر‘ والے لوگ اب ’سرینڈر‘ کر رہے ہیں۔ اترپردیش کے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جنہوں نے 13 روپئے کلو میں چینی نہیں دی ہے اسے امیٹھی کے لوگ ووٹ نہیں دیں گے، وہ ہمیشہ کے کے لیے ’اسمرتی‘ (یادگار) ہو جائیں گی۔
سماجوادی پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ سب سے پہلے میں نند بابا کے مقدس مقام پر سلام عقیدت پیش کرتا ہوں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ نند بابا اور آپ کی دعاؤں سے کانگریس پارٹی کے امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔
اکھلیش یادو نے کہا کہ حال ہی میں ایک اور شخص ہے جس نے ہمیں دھوکہ دیا ہے۔ سنا ہے جب سے اس نے ہمیں دھوکہ دیا ہے اس کے پاس نئی نئی گاڑی آگئی ہے۔ دھوکہ دینے والے لوگ ایک گاڑی میں بیٹھ کر اندھیری رات میں فلیٹ دیکھنے گئے تھے۔
ایس پی کے سربراہ نے کہا کہ پارلینمٹ کی کل سیٹوں میں سے 400 سیٹیں نفی کردی جائیں تو 140 سیٹیں بچتی ہیں۔ عوام نے طے کر لیا ہے کہ بی جے پی والوں کو اس بار 140 سیٹوں کے لیے بھی ترسا دیں گے۔
یہ لوگ آئین کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ ہمارے اور آپ کے حقوق چھیننا چاہتے ہیں۔ جو لوگ آئین تبدیل کرنے نکلے ہیں کیا آپ ان کو نہیں بدلیں گے ؟ آپ ڈر تو نہیں جائیں گے؟ اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ جانوروں اور پرندوں کو بھی ہراساں کرتے ہیں۔ کیوٹو (کاشی) کے رکن پارلیمنٹ (پی ایم مودی) نے کہا تھا کہ کھلے مویشیوں کے مسئلے کا حل ہو جائے گا۔
آج حالات یہ ہے کہ کسانوں کو اپنے کھیتوں کی رکھوالی کرنی پڑ رہی ہے۔ ہمارے ایک ساتھی نے سارس سے دوستی کر لی تو اسے پکڑ کر لے گئے مگر جو پریشان کر رہے ہیں اسے کھلا چھوڑے ہوئے ہیں۔