لکھنؤ: اسلامی ماہ شعبان کی 14 تاریخ شب برأت کا تیوہار اتوار کے روز عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر لوگوں نے قبرستانوں میں جا کر دنیا سے رخصت ہو چکے اپنے بزرگوں کی قبور پر قرآن خوانی کی اور ان کی مغفرت کیلئے دعا مانگیں۔شب برأت کے موقع پر شہر کے قبرستانوں سے پوری شب تلاوت کلام پاک اور دعاؤں کی آوازیں گونجتی رہیں۔
جبکہ قبرستانوں میں ہر جگہ روشنی اور اگر بتیوں کی مہک ماحول کو روحانی بنا رہی تھی۔ شب برأت کےموقع پر لوگوں نے دنیا سے رخصت ہو چکے اپنے بزرگوں ، رشتہ داروں اور دوستوں کی مغفرت اور ایصال ثواب کیلئے نذر ونیاز کا اہتمام کیا۔ لوگوں نے قبرستان پہنچ کر اپنے متعلقین کی قبور پر چراغاں کرتے ہوئے تلاوت کلام پاک اور دعائیں پڑھ کر مغفرت کی دعا کی۔
اس موقع پر کربلا ، مساجد اور قبرستان میں خصوصی نماز اور قرآن خوانی کی محفل منعقد کی گئی۔ جس میں لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ قبرستانوں میں اپنے متعلقین کی قبور پر صبح سے ہی لوگوں کا پہنچنا شروع ہو گیا تھا۔
رات ہوتے ہوتے قبرستانوں میں بھیڑ امنڈ پڑی اور چراغاں کا دلکش منظر نظر آیا۔ عیش باغ واقع کربلا ملکہ جہاں اور عیش باغ قبرستان میں سب سے زیادہ بھیڑ نظر آئی۔ دیر رات تک لوگ اپنے بزرگوں کی قبور پر قرآن خوانی و دعائے مغرفت کرتے رہے۔
کربلا تالکٹورہ، کربلا ملکہ جہاں، کربلا امداد حسین خاں، عیش باغ، عالم باغ وی آئی پی روڈ، امامباڑہ غفرانمآب، امامباڑہ آغا باقر، کوئے دان کی بغیہ، کربلا عباس باغ، کربلا منشی فضل حسین، علی گنج،
نشاط گنج، ڈالی گنج، سپا قبرستان حیدر گنج، گومتی نگر گنج شہیداں، موئیا، سروودے نگر، تکیہ میرن شاہ، راجہ جی پورم سمیت شہر کے تمام قبرستانوں میں رات بھر لوگوں کے پہنچنے اور اپنے بزرگوں و متعلقین کی قبور پر فاتحہ خوانی و قرآن خوانی کا سلسلہ جاری رہا۔