لکھنؤ: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ضلع مجسٹریٹوں کو آندھی ،طوفان اور بارش سے متاثرہ لوگوں کو فوری طور پر راحت پہنچانے کی ہدایات دی ہیں۔ مسٹر یوگی نے آج یہاں کہا کہ ضلع مجسٹریٹ اپنے اپنے علاقوں میں آندھی ،طوفان اور بارش سے ہوئے نقصان کا تجزیہ کرکے جلدازجلد حکومت کو آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اضلاع کے افسران آندھی اورطوفان سے متاثرہ لوگوں کے لیے بلا تاخیر معاوضہ فراہم کریں۔ امدادی کارروائیوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ قابل غور ہے کہ کل رات ریاست میں طوفان کی زد میں آنے سے بہت سے لوگوں کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا اور اس سے فصلوں کو کافی نقصان پہنچنے کی اطلاعات مل رہی ہیں۔سہارنپور سے ملنے والی خبروں کے مطابق ڈویژن میں کل شام آئے آندھی طوفان سے کئی مقامات پر درخت اکھڑ گئے اور فصلوں کو بہت زیادہ نقصان ہوا ہے ۔ڈویژن میں شام تقریباً ساڑھے چار بجے زبردست آندھی طوفان کے ساتھ بارش ہو نے سے لوگ اپنے گھروں میں ٹھہرنے پرمجبور ہوگئے ۔ آندھی اور بارش کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئی۔ تقریبا ادھے گھنٹے تک آندھی طوفان نے شہر میں جم کر تباہی مچائی۔کئی مقامات پر بڑے بڑے درخت اکھڑ گئے اور ٹن شیڈ، ھورڈنگز کاغذ کی طرح اڑ کر دور جا گرے ۔ آندھی کے وقت اچانک تاریکی چھا گئی اور رات جیسا منظر لگنے لگا۔ آندھی میں درخت اکھڑنے سے بجلی کی سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہو گئی۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر درخت گرنے سے ٹریفک بھی متاثر رہی۔آندھی کی وجہ سے مظفر نگر، دیوبند، بڈگاؤں، نانوتہ وغیرہ علاقوں میں کئی مقامات پر درخت ٹوٹ کر گر گئے ۔ آندھی طوفان کے بعد آئی تیز بارش کی وجہ سے دکانداروں نے بھی اپنی دوکانیں وقت سے پہلے بند کر دیں۔ آندھی اور بارش سے ہوئے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ آندھی کی وجہ سے آم کی فصل پر برا اثر پڑا ہے ۔ اس کے علاوہ سبزیوں کی فصل چوپٹ ہو گئی ہے ۔راجدھانی لکھنؤ میں گزشتہ رات ایک بجے آندھی طوفان کے ساتھ تیز بارش ہوئی۔ دارالحکومت کے ارد گرد کے علاقے کے بہت سے مقامات پر درختوں کے اکھڑنے اور فصل کو بھاری نقصان ہونے کی اطلاع مل رہی ہے ۔