یہ تو ہم سب جانتے ہیں کہ مطالعہ کرنے کے بہت سے فوائد ہیں تاہم ایک نئی طبّی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ مطالعہ کرنے کی عادت انسان کی عمر میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔
امریکا کی ییل یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی گئی تحقیق میں بارہ برس تک جاری رہنے والے تجربات کے نتائج کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ ان نتائج کے مطابق مطالعہ کرنا تھکن اور تشویش کو دور کرنے میں مؤثر کردار ادا کرتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ کتابیں انسان کی تشویش میں 68% تک کمی لا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ کتب بینی کی عادت اعصابی نظام کو سکون میں لانے مدد گار ہوتی ہے اور اس حوالے سے یہ کھلی ہوا میں گھومنے سے زیادہ بہتر نتائج دے سکتی ہے۔
مطالعے کی عادت انسان کو کئی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔ ان میں مرکزی اعصابی نظام، امراض قلب اور فالج کے علاوہ خون کی شریانوں سے متعلق بیماریاں شامل ہیں۔
مطالعہ کرنے سے دماغ کی سوچنے کی صلاحیت کو جلا ملتی ہے۔ لہذا تحقیق کے مطابق مطالعہ کرنے والے عمر رسیدہ افراد اُن لوگوں کے مقابلے میں فکری صلاحیت اور قدرت کو زیادہ عرصے تک برقرار رکھتے ہیں جو مطالعے کو نظر انداز کرتے ہیں۔
تحقیق میں شامل ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ روزانہ نصف گھنٹہ یا ہفتے میں 210 منٹ کا دورانیہ مطالعہ کرنے میں صرف کرتے ہیں ان میں قبل از وقت موت کا تناسب 23% تک کم ہو جاتا ہے۔