بھارتی ریاست بہار کے سابق وزیرا علیٰ اور راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرشاد یادو نے کہا ہے کہ آر ایس ایس سے تعلق رکھنے و الے بی جے پی کے کارکن ’’گئو رکشا‘‘ کے نام پر اقلیتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایسا وہ دودھ کے لئے نہیں ووٹوں کے لئے کررہے ہیں۔
لالو پرشاد یادو نے پارٹی اجلاس سے خطاب میں اپنے پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ دودھ نہ دینے والی بوڑھی گائیوں کو بی جے پی رہنمائوں کے گھروں کے آگے باندھ دیں پھر دیکھیں وہ ان کی دیکھ بھال کرتے ہیں یا نہیں۔
انہوں نے پاک فوج کے ہاتھوں بھارتی فوجیوں کے مبینہ طور پر سر کاٹے جانے پر نریندر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ 2014ء کے لوک سبھا انتخابات سے قبل نریندر مودی 56؍ انچ چوڑے سینے کی بات کرتے اور آزاد کشمیر میں سرجیکل اسٹرائیک کا دعویٰ کرکے خود ہی اپنی پیٹھ تھپکتے تھے، اب وہ بتائیں کہ پاکستانی فوجی بھارت کے زیر اثر علاقے میں داخل ہو کر بھارتی فوجیوں کے سر کیسے کاٹ ڈالے۔