ریاض،31جولائی:۔قومی مرکز برائے موسمیات (این سی ایم) کے مطابق سعودی عرب کے طول وعرض میں اتوار سے لے کر اختتام ہفتہ درجہ حرارت میں 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافے کی توقع ہے۔مشرقی صوبہ میں درجہ حرارت 48 سے 50 ڈگری کے درمیان رہے گا، جب کہ ریاض کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔مملکت کی وزارتِ صحت نے گذشتہ ہفتے ایک انتباہ جاری کیا جس میں لوگوں پر زور دیا گیا تھا کہ وہ آنے والی شدید گرمی کی لہر کی وجہ سے باہر نکلتے وقت احتیاط کریں۔
وزارت نے گرمی کی لہر کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے عوام سے کہا ہے کہ وہ صبح 11 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے درمیان باہر جانے سے گریز کریں۔ملک بھر میں ہفتے کے آخر میں درج? حرارت 45 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کے بعد اب تک کی بلند ترین سطح کو چھونے لگا ہے۔
الاحساء میں درجہ حرارت حیرت انگیز طور پر 49 جب کہ دمام میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔این سی ایم کے مطابق وادی الدواسر اور شرورہ میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ جدہ اور ق صومۃ میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔واضح رہے کہ سائنسدانوں نے تصدیق کی ہے کہ جولائی زمین پر ریکارڈ ہونے والا اب تک کا گرم ترین مہینہ بننے والا ہے۔ ایسے میں اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گوٹیرس نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا: “عالمی حدت کا دور ختم ہوا اور اب عالمی سطح پر ابلنے کا دور آ گیا ہے۔
انہوں نے جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ “جولائی کے تین ہفتوں میں ریکارڈ گرمی پڑی۔ اسی مہینے تین گرم ترین دن اور گرم ترین سمندری درجہ حرارت بھی ریکارڈ کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ “موسمیاتی تبدیلی یہاں پہنچ چکی ہے۔ یہ بے حد خوفناک ہے اور ابھی تو یہ محض آغاز ہے۔