نئی دہلی، 10 مئی (یو این آئی) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکت خیز کورونا وائرس کے 2,288 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ 3,044 مریض مہلک وبا سے شفایاب ہو ئے، جس کے ساتھ ہی اس جان لیوا وبا سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4,25,63,949 ہو گئی ہے۔
صحت اور خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت نے منگل کو کہا کہ ملک میں اب تک ایک ارب 90 کروڑ 50 لاکھ 86 ہزار 706 افراد کو کووڈ ویکسین دی جا چکی ہے۔ اس وقت ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی شرح 0.05 فیصد، صحت یابی کی شرح 98.74 فیصد اور اموات کی شرح 1.22 فیصد ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے 2,288 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ملک میں متاثرہ افراد کی کل تعداد چار کروڑ 31 لاکھ 7 ہزار 689 ہو گئی ہے۔ اس دوران مزید 10 مریضوں کی موت سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 5,24,103 ہو گئی ہے۔