جنیوا ؛عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے کہا ہے کہ دنیا نے یوکرین کو لے کر دنیا بھر میں انسانی بحران کو نظر انداز کردیا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا تھا کہ انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کا غیر منصفانہ طرز عمل افسوسناک ہے ۔
اس وقت تمام تر توجہ یوکرین پر مرکوز کی جارہی ہے،جب کہ دنیا کے دوسرے حصوں میں بھی ہنگامی حالات ہیں، جنہیں سنجیدہ نہیں لیا جارہا ۔ امید ہے کہ بین الاقوامی برادری اپنے طرز عمل پر نظر ثانی کرے گی۔ نیوز کانفرنس میں ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ یوکرین کے تنازع کے تناظر میں زمینی حقائق کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا،تاہم ایتھوپیا میں تیگرائے، یمن، افغانستان ، شام اور دنیا کے دیگر حصوں کے بحران اپنی جگہ توجہ طلب ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اقوام متحدہ نے طے کیا تھا کہ زندگی بچانے والے آلات کے 100 ٹرک یومیہ ایتھوپیا کے محصور علاقے میں بھیجے جائیں۔ اعلان کے بعد سے کم از کم 2 ہزار ٹرک بھیجے جانے چاہیے تھے، لیکن اب تک صرف 20 ٹرک بھیجے گئے ہیں۔ ٹیڈروس کا کہنا ہے وہ اس بات پر پریشان ہے کہ ادیس ابابا میں 20 ٹرک کا جانا حکومت کی کسی سفارتی چال کا حصہ ہوسکتا ہے ، کیوں کہ ایتھوپیا کی فوج نے تیگرائے کا محاصرہ بھی کررکھا ہے۔