امریکہ نے چین سے متعلق نئی ویزا پابندیاں متعارف کروادی ہیں جنھیں چینی وزارت خارجہ نے سیاسی دباؤ قراردیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی سی این این کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ نے چین سے متعلق نئی ویزا پابندیاں متعارف کروادی ہیں جنھیں چینی وزارت خارجہ نے اسے سیاسی دباؤ اور سرد جنگ کی ذہنیت کا نتیجہ قراردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے تمام ارکان کو ویزے کے اجرا میں نئی پابندیاں متعارف کروا دی گئی ہیں۔
نئے قوانین کے مطابق چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ارکان اور ان کے اہل خانہ کو صرف امریکہ کے سفر کے لیے زیادہ سے زیادہ ایک ماہ کا ویزا جاری کیا جائے گا جب کہ اس ویزا پر انہیں ایک ہی بار امریکہ آنے کی اجازت ہوگی۔ اس سے قبل اس ویزے کی مدت دس برس تک تھی۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارت سے سبکدوش ہونے میں دو ماہ کا عرصہ رہ گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تجارتی معاہدوں اور کورونا وائرس کے بعد چین سے متعلق انتہائی سخت گیر مؤقف اختیار کیا ہے جس کے بعد دنیا کی ان دوبڑی اقتصادی طاقتوں کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہوچکے ہیں۔