اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے مجید تخت روانچی نے اقوام متحدہ کےسیکریٹری جنرل گوٹرس کے نام ایک خط میں امریکہ کے ہاتھوں میجر جنرل قاسم سلیمانی کی مظلومانہ شہادت کو امریکہ کی کھلی دہشت گردی اور بربریت قراردیتے ہوئے شہید قاسم سلیمانی اور ایرانی عوام کے حقوق کا دفاع کرنے پر تاکید کی ہے۔
اقوام متحدہ میں ایرانی نمائندے نے اپنے خط میں کہا ہے کہ میجر جنرل سلیمانی پر امریکہ کے بزدلانہ حملے کو کسی بھی زاویہ نگاہ سے دیکھا جائے وہ ہر طرح امریکہ کی کھلی اور آشکارا دہشت گردی ہے۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ اعلانیہ طور پر عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور دیگر ممالک کے داخلی امور میں مداخلت کررہا ہے اور عالمی سطح پر امریکہ کے اقدامات کھلی دہشت گردی ہیں۔
مجید تخت روانچی نے کہا کہ شہید میجر جنرل سلیمانی نے شام اور عراق کی حکومتوں کی درخواست پر انھیں دہشت گردی کے خلاف مہم میں مدد بہم پہنچائی اور خطے سے داعش دہشت گردوں کے خاتمہ کے سلسلے میں اہم اور بنیادی کردارادا کیا ۔
انھوں نے کہا کہ امریکہ نے دہشت گردوں کے خلاف لڑنے والے اہم شخص کو بہیمانہ اور مجرمانہ طور پر شہید کرکے کھلی دہشت گردی کا ثبوت دیا ہے جبکہ ہم امریکہ کی کھلی دہشت گردی کا مقابلہ کرنے اور ایرانی عوام کے حقوق کا بھر پور دفاع کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔