واشنگٹن، 28 مئی (یو این آئی/ اسپوتنک) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک کے بچوں کو اسکولوں میں فائرنگ سے بچانے کے لیے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔
ٹرمپ نے جمعہ کو ہیوسٹن، ٹیکساس صوبے میں نیشنل رائفل ایسوسی ایشن (این آر اے) کے سالانہ کنونشن کے دوران کہا کہ جہاں امریکہ یوکرین کو 40 بلین ڈالر کا امدادی پیکج فراہم کر سکتا ہے، اسے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
مسٹر ٹرمپ نے یہ بات حال ہی میں امریکی کانگریس کی طرف سے منظور کیے گئے 40 بلین ڈالر کے یوکرین امدادی پیکج کا حوالہ دیتے ہوئے کہی۔ صدر جو بائیڈن نے اس امدادی پیکج پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے یووالڈے، ٹیکساس کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں طلباء کے ایک گروپ پر فائرنگ کو “جنگلی اور وحشیانہ مظالم” قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے ہر امریکی کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔
قابل ذکر ہے کہ فائرنگ کے اس واقعہ میں 19 بچے اور دو اساتذہ ہلاک ہوئے تھے۔